نئی دہلی: پڑوسی ملک پاکستان کے کم و بیش تمام صوبوں میں ہلاکت خیز سیلاب کی تباہ کاری پر شدید تشویش اور وسیع پیمانے پر جانی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے سیلاب میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت و ہمدردی کیا اور کہا کہ وہ ان کے اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ٹوئیٹر کے توسط سے مودی نے کہا کہ وہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی دیکھ کر بہت صدمہ میں ہیں۔میں اپنے اور اپنے ہندوستانی بہن بھائیوں کی جانب سے ہلاک شدگان کے پسماندگان سے اظہار تعزیت و ہمدردی کرتا ہوں۔اور تمام زخمیوں اور اس بھیانک آفت آفاقی کے متاثرین کے لیے دعا گو ہوں کہ تمام زخمی جلد رو بصحت ہوں اور متاثرین تمام پریشانیاں دور ہوں اور حالات جلد از جلد معمول پر آجائیں۔
واضح ہو کہ پاکستان کی تاریخ میں اب تک کے سب سے بھیانک سیلاب میں 57لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔گذشتہ ہفتہ شہباز شریف حکومت نے بارشوں اور سیلاب سے 900افراد کی ہلاکت اور 3کروڑ افراد کے بے گھر ہوجانے کے بعد باقاعدہ قومی ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا تھا۔اسی دوران ہفتوں کی طوفانی بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے ملک کو کم از کم 10 ارب ڈالر کا نقصان پہنچنے کا تخمینہ لگایا ہے شدید بارشوں سے کپاس، چاول، کھجور ،مرچ اور دیگر فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔ جس سے ایک کھرب 9 ارب 34 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
بلوچستان میں3لاکھ 4ہزار ایکڑ،پنجاب میں 1لاکھ 78ہزار ایکڑ اور سندھ میں 15لاکھ 40ہزار ایکڑ سمیت کم و بیش 20لاکھ ایکڑ کی کھڑی فصلیں اور باغا ت متاثر ہوئے ہیں۔دریں اثنا سندھ کے ضلع جامشورو کی تحصیل سیہون 20 کلومیٹر دور گوٹھ بلاول پور کے قریب دریائے سندھ میں 25 سیلاب زدگان کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے والی کشتی الٹنے سے 12 افرا د ہلاک ہو گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ7 افراد کو بچالیا گیا باقیوں کی تلاش جاری ہے۔ اور خدشہ ہے کہ وہ پانی کے تیز بہاو¿ کی وجہ سے دم توڑ گئے ہوں گے۔
تصویر سوشل میڈیا 