نئی دہلی: اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد سے ہی سوشل میڈیا پر بالی ووڈ میں اقربا پروری کے حوالہ سے لگاتار بحث کی جا رہی ہے۔ یہ بحث اتنی شدت اختیار کر چکی ہے کہ کچھ اداکار کھلے طور پر نہ صرف اقربا پروری کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں بلکہ ’اسٹار کڈس‘ کی فلموں کا بائیکاٹ کرنے کی بھی بات کر رہے ہیں۔
اقربا پروری کے حوالہ سے اب بالی ووڈ اداکار سیف علی خان نے بھی انکشاف کیا ہے۔ ایک انگریزی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں سیف علی خان نے بتایا کہ وہ بھی اقرباپروری کا شکار ہو چکے ہیں لیکن اس کے بارے میں کبھی کسی نے کچھ نہیں کہا۔
اداکارسیف علی خان نے اپنے انٹرویو میں اقرباپروری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ” اقربا پروری، جانبداری وغیرہ کئی طرح کے مسائل یہاں موجود ہیں۔ یہاں تک کہ میں اقربا پروری کا بھی شکار ہو چکا ہوں لیکن اس کے بارے میں کوئی نہیں بولتا۔“
سیف علی خان نے مزید کہا کہ انہیں خوشی ہے اقربا پروری کے خلاف فلمی ادارے آواز اٹھا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سیف علی خان سے پہلے پرینکا چوپڑا نے بھی اقربا پروری کا مسئلہ اٹھایا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ کنبہ پروری کی وجہ سے ہی انہیں کئی فلموں سے باہر کر دیا گیا تھا، جس کے بعد وہ کافی روئی بھی تھیں۔
