Saira Banu on Pak government’s move to conserve Dilip Kumar’s home: I hope this time the dream comes trueتصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی: ہندی سنیما کے معروف اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبائی دارالحکومت پشاور میں واقع دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے۔

ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سائرہ بانو نے کہا کہ میں صوبائی حکومت کی کوششوں میں کامیابی کی خواہش مند ہوں اور پوری امید کرتی ہوں کہ اس بار یہ خواب پورا ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی مجھے پشاور میں واقع یوسف صاحب کے آبائی گھر سے متعلق یہ خبر ملتی ہے تو میرا دل خوشی سے بھر جاتا ہے جسے صوبائی حکومت بارہا ایک یادگار میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

سائرہ بانو نے مزیدکہا کہ ماضی میں کئی مرتبہ ایسی خبریں سامنے آئی ہیں اور ہر مرتبہ میں نے حکومت کی جانب سے اس گھر کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے مشن میں ثابت قدمی کو سراہا ہے تاکہ عوام وہاں آئیں اور اس گھر کی کشش محسوس کریں جہاں دلیپ کمار صوبے کے ایک لڑکے کی طرح بڑے ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ گھر میرے شوہر کے لیے انتہائی جذباتی اہمیت کا حامل ہے اور کچھ برس قبل جائیداد کے سلسلے میں ایک دورے کے دوران میں ان کے اس فخر اور خوشی میں شریک ہوئی۔

سائرہ بانو نے بتایا کہ جب دلیپ کمار نے اپنا گھر دیکھا تو وہ بہت جذباتی ہوگئے تھے جہاں انہوں نے ایک بڑے خاندان میں سکون اور تحفظ کے ساتھ اپنا خوبصورت بچپن گزارا تھا۔ خیال رہے کہ دلیپ کمار اور راج کپور تقسیم ہند سے قبل متحدہ ہندوستان میں پشاور میں پیدا ہوئے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصمد نے بتایا تھا کہ صوبائی حکومت نے بالی وڈ کے لیجنڈری اداکاروں کے گھروں کو خریدنے کے لیے سرکاری سطح پر کارروائی شروع کردی ہے۔ان کے مطابق دلیپ اور راج کمار کے گھروں کو حکومت خرید کر وہاں تزئین و آرائش کے بعد دونوں جگہوں کو میوزیم میں تبدیل کرکے سیاحت کو فروغ دے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *