نئی دہلی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کا گوا میں ایئر پورٹ سے باہر نکلتے وقت مداح کا موبائل فون چھیننا مہنگاپڑ تا دیکھائی دے رہا ہے۔
آئی اے این ایس کی خبر کے مطابق نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا ( این ایس یو آئی) نے گوا میں سلمان خان کے داخل ہونے پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ فون چھیننے کے واقعہ پر سرعام معافی نہ مانگ لیں تب تک انہیں گوا میں داخل نہ ہونے دیا جائے ۔
نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا کے صدر اہراج ملا نے گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت کو مکتوب ارسال کرتے ہوئے لکھا ہے’ میں یہ گزارش کرتا ہوں کہ آپ کی انتظامیہ مہربانی کر کے اس معاملے کو سنجیدگی سے لے، اداکار سے معافی کی مانگ کریں کیونکہ یہ عوامی طور سے مداح کی بے عزتی ہے ، اس طرح کے خراب ریکارڈ والے پرتشدد اداکار کو گوا میں آنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔
این ایس یو آئی کے علاوہ سابق ایم پی اور گوا کے بی جے پی سکریٹری نریندر سوائیکر نے بھی سلمان خان کے اس سلوک کو غلط قرار دیتے ہوئے اس واقعہ کا ویڈیو ٹوئیٹ کر کہا کہ ’ ایک سیلیبریٹی ہونے کے ناطے ، لوگ اور مداح آپ کے ساتھ عوامی جگہوں پر سیلفی لیں گے، سلمان کا رویہ اور سلوک بے حد افسوس ناک ہے۔
سلمان کو اس کے لئے معافی مانگنی چاہئے۔ خیال رہے کہ سلمان خان اپنی فلم ’ رادھے ‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں گوا میں ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایئر پورٹ سے باہر نکلتے وقت سلمان خان نے ایک مداح کا موبائل فون اس وقت ہاتھ سے چھین لیا تھا جب وہ انکے ساتھ سیلفی لے رہا تھا۔