صنعا:(اے یو ایس)یمن میں ایران نواز حوثی ملیشیا کے زیر قبضہ دارالحکومت صنعاءمیں جمعرات کی شب ہونے والے زور دھماکوں نے شہر کی سڑکوں اور محلوں کو لرزا دیا۔ یہ دھماکے حوثیوں کے زیر انتظام تیل اور گیس کی فروخت کی ایک بلیک مارکیٹ میں گیس سلنڈروں کے گودام میں ہوئے۔
عینی شاہدین اور مقامی آبادی کے مطابق گھریلو گیس کے سلنڈروں کے گودام میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ماجل الدمہ قبرستان کے پڑوس میں واقع گھروں اور دکانوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ اس کے سبب مقامی آبادی کے اندر خوف و ہراس اور افراتفری پھیل گئی۔آگ لگنے کے واقعے کے بعد ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔
یمنی میڈیا ذرائع کے مطابق آخری خبریں آنے تک زور دار دھماکوں کا سلسلہ جاری تھا۔ اس دوران گیس کے سلنڈر اندھا دھند طور پر فضا میں ا±ڑ کر شہریوں کے گھروں پر گرتے رہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ خوف ناک صورت حال شہری دفاع کے ادارے کے قابو میں نہیں آ سکی۔ابھی تک جانی اور مادی نقصان کے بارے میں علم نہیں ہو سکا ہے۔