ریاض: (اے یو ایس)سعودی عرب کے صوبے قصیم میں شیرنی کے حملے میں ایک مزدور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ یہ واقعہ بریدہ شہر کے مشرق میں واقع عسیلان کی تفریح گاہ میں پیش آیا۔ جنگلی حیات کی ترقی سے متعلق قومی مرکز نے منگل کے روز جاری بیان میں اس واقعے کی تصدیق کی۔
بیان کے مطابق مرکز کو یہ اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ تفریح گاہ میں جانوروں کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے جن میں درندے بھی شامل ہیں۔ اس کے بعد تربیت یافتہ اہل کاروں کی ٹیم نے سیوکرٹی اداروں کے تعاون سے مذکورہ جانوروں پر قابو پا لیا۔ ان میں ایک شیر اور بھیڑیے کے علاوہ متعدد دودھ پلانے والے اور رینگنے والے جانور شامل ہیں۔ ان تمام جانوروں کو مرکز کے زیر انتظام ٹھکانے منتقل کر دیا گیا۔
مرکز کے مطابق معدومیت کا شکار جانوروں کی نمائش اور تجارت ماحولیاتی خلاف ورزیوں میں آتی ہے۔ اس کی سزا زیادہ سے زیادہ 10 سال قید اور 3 کروڑ ریال جرمانہ یا پھر دونوں میں سے کوئی ایک سزا ہو سکتی ہے۔یاد رہے کہ عسیلان قصیم صوبے کی ایک مشہور تفریح گاہ ہے۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد یہاں کا رخ کرتی ہے۔ یہاں روزانہ یا ہفتہ وار مختلف نوعیت کی سرگرمیاں منعقد ہوتی رہتی ہیں۔
تصویر سوشل میڈیا