Saudi Arabia appeal international community to stand up against Houthisتصویر سوشل میڈیا

ریاض:(اے یو ایس ) سعودی عرب کی وزارتی کونسل کو ایرانی حمایت یافتہ دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب میں شہری علاقوں اور اہم تنصیبات کو بیلسٹک میزائلوں، ڈرونز اور گولہ باری سے نشانہ بنانے والے تخریب کاری کے حملوں اور ان سے علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے لاحق خطرات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔کابینہ نے واضح کیا کہ حوثی ملیشیا کے حملے بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کے تحت مجرمانہ قرار دیے گئے ہیں۔ یہ حملے ملیشیا کی ہٹ دھرمی اور سیاسی حل کی کوششوں کو مسترد کرنے کے منفی طرز عمل کی عکاسی کرتے ہیں۔

کابینہ نے ایک بار پھر دنیا کے ممالک اور تنظیموں سے ان حملوں کے خلاف کھڑے ہونے اورحوثی ملیشیا کو مدد فراہم کرنے والے عناصر کا مقابلہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔گذشتہ روز سعودی کابینہ کا اجلاس خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت الیمامہ محل میں منعقد ہوا۔اس تناظر میں وزرا کی کونسل نے یمن میں توانائی کے عالمی ذرائع کو دشمن کے حملوں سے بچانے اور سپلائی چین کو یقینی بنانے کے لیے اتحاد کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ریاض میں یمنی متحارب فریقین کے درمیان مشاورت کی کامیابی کے لیے خلیجی ممالک کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کی بھی تعریف کی۔کابینہ نے گذشتہ دنوں سعودی عرب اور متعدد ممالک کے درمیان ہونے والی مجموعی بات چیت اور ملاقاتوں کا بھی جائزہ لیا۔

مشترکہ مفادات کی تکمیل کے لیے تعلقات کو وسیع تر افق تک آگے بڑھانے اور بین الاقوامی مسائل، خطے اور دنیا میں ہونے والی پیشرفت کے لیے دو طرفہ اور کثیرالجہتی رابطہ کاری کو بڑھانے پر زور دیا۔سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کو جاری ایک بیان میں قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصبی نے کہا کہ کابینہ نے روس یوکرین بحران کی پیشرفت پر بات کی اور اس کی حمایت کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی خصوصی اجلاس کے دوران خلیج کی عرب ریاستوں کے گروپ نے یوکرین اور روس کے درمیان جاری لڑائی روکنے کے لیے فریقین کے درمیان مذاکرات راستہ اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس حوالے سے سعودی عرب اقوام متحدہ میں عرب ریاستوں کے روس یوکرین بحران پر اختیار موقف کا حامی ہے۔بیان میں روس اور یوکرین جنگ کے عالمی معیشت پر مرتب ہونے والے اقتصادی، سیاسی اور انسانی اثرات کا بھی حوالہ دیا۔کونسل نے سعودی معیشت پر کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کے مثبت اندازوں کو درمیانی مدت میں مجموعی مقامی مصنوعات کی نمو اور عوامی مالیات میں بہتری کی عکاسی قرار دیا۔القصبی نے کہا کہ وزرا کی کونسل نے حرمین شریفین کے زائرین کی خدمت کرنے والے متعلقہ حکام کی طرف سے تیاریوں اور انتظامات کی تکمیل پر اور ماہ صیام میں زائرین کے لیے ہرممکن اقدامات کو سراہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *