ریاض:( اے یوایس) سعودی عرب نے اَمال یحییٰ المعلمی کو ناروے میں اپنی نئی سفیر مقرر کیا ہے۔ وہ سعودی عرب کی تاریخ میں دوسری خاتون سفیر ہیں جن کا کسی غیر ملک میں سعودی سفیر کے طور پر فرائض ادا کرنے کے لیے تقرر کیا گیا ہے۔ان سے پہلے شہزادی ریما بنت بندر کو امریکا میں سعودی عرب کی سفیر مقررکیا گیا تھا۔
امل یحییٰ المعلمی سمیت متعدد سعودی سفیروں کوحال ہے میں مختلف ملکوں میں تعینات کرنے کے تقرر نامے جاری کیے گئے ہیں۔ان تمام نئے سفیروں نے منگل کے روز شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سامنے ورچوئلی اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا۔
حلف برداری کی اس تقریب میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔جن دوسرے نئے سعودی سفیروں نے اپنے مناصب کا حلف اٹھایا ہے،ان کے نام اور متعیّنہ ملک یہ ہیں:ڈاکٹرصالح بن حماد الصہیبانی ،انھیں اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) سعودی عرب کا مستقل مندوب مقرر کیا گیا ہے۔
زیاد بن معاشی العطیہ ،نامزد سفیر برائے نیدرلینڈز۔ان کے علاوہ سعودی عرب کے مالدیپ ، ہنگری ، نائیجیریا، بوسنیا ہرزی گووینا، یوگنڈا اور میکسیکو میں نئے نامزد سفیروں نے بھی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے روبرو اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا ہے۔