ریاض: سعودی عرب اور مصر نے برکس گروپ میں شمولیت کی دعوت کو سراہتے ہوئے گرپ کے رہنماؤں سے اظہار تشکر کیا ۔اس ضمن میں مملکت کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے العربیہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجوزہ شمولیت کی حتمی تاریخ یکم جنوری سے پہلے تفصیلات کا مطالعہ کر کے مناسب فیصلہ کرے گا۔ شہزادہ فیصل نے جوہانسبرگ میں برکس سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ برکس اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک سود مند اور اہم چینل ہے۔
شہزادہ فیصل نے مزید کہا کہ مملکت برکس ممالک کے ساتھ مزید تعاون کو فروغ دینے کا منتظر ہے اور ہم نئے ترقیاتی اور اقتصادی مواقع پیدا کرنے اور اپنے تعلقات کو مطلوبہ سطح پر بلند کرنے کے لیے اس تعاون کو فروغ دینے کے لیے آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب مشترکہ اور کثیر جیتی اقدام کو فعال کرنے کی اہمیت زور دیتا ہے اوربرکس کی حدود میں بین الاقوامی تعاون کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کا خواہشمندہے۔
شہزادہ فیصل نے یہ بھی کہا کہ مملکت توانائی کا ایک قابل اعتماد ذریعہ بھی رہے گی اور توانائی کی مستحکم منڈیوں کو برقرار رکھنے کے لیے اس کے پاس ذرائع موجود ہیں۔
مصر نے بھی برکس میں شمولیت کی دعوت پر برکس رہنماؤں سے اظہار تشکر کیا۔ مصرکے صدر عبدالفتاح السیسی نے اپنے ملک کو گروپ میں شامل ہونے کی دعوت دینے پر برکس رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ترقی پذیر ممالک کے مفاد کے لیے دیگر اراکین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔‘ انہوں نے کہاکہ ہم برکس کے ساتھ تعاون کے منتظر ہیں۔