ریاض:(اے یو ایس)سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے یوکرین سے وطن لوٹنے والے شہریوں اوران کے زیرکفالت غیرسعودیوں کوآمد پرکورونا وائرس کے پی سی آر ٹیسٹ سے مستثیٰ قرار دے دیا ہے۔اس استثنیٰ کا اطلاق مملکت میں کام کرنے والی تمام فضائی کمپنیوں کے ذریعے آنے والے مسافروں پرہوگا۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق پی سی آر ٹیسٹ اور آمد پر منفی نتیجہ پیش کرنے کے بجائے مسافروں کوآمد کے 48 گھنٹے کے اندر ٹیسٹ کراناہوگا۔ان ضوابط پر عمل نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی۔یہ فیصلہ یوکرین میں روس کے وسیع پیمانے پر حملے کی وجہ سے پیدا ہونے والی بدامنی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
گذشتہ چھے روس سے جاری جنگ کے نتیجے میں لاکھوں یوکرینی بے گھر ہوچکے ہیں ،بہت سے غیر ملکی بھی جنگ زدہ ملک میں پھنس کررہ گئے ہیں۔واضح رہے کہ 9فروری کو سعودی عرب نے اعلان کیا تھا کہ بیرون ملک سے آنے والے تمام سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کو آمد پر منفی پی سی آر یا اینٹی جن ٹیسٹ کی ،جو روانگی کے وقت سے 48 گھنٹے کے دوران میں کرایا گیا، رپورٹ دکھانے کی ضرورت ہوگی ۔ان مسافروں کی کوویڈ-19 کی ویکسین لگوانے کی حیثیت کچھ بھی ہو، انھیں یہ ٹیسٹ کرانا ہوگا۔اگرچہ آٹھ سال سے کم عمر کے بچے اس قاعدے سے مستثنیٰ ہیں لیکن ان کے روانگی والے ملک کی جانب سے کوویڈ-19 کے عائد کردہ ضوابط اور نافذ پروٹوکول پر عمل کرنے کی ضرورت ہوگی۔
