ریاض:(اے یو ایس)سعودی وزیر برائے حج وعمرہ ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ دو سال پہلے عمرہ کی ادائیگی کورونا وبا کی وجہ سے محدود کردی گئی تھی مگراب عمرہ کی سعادت سب کے لیے عام کردی گئی ہے۔انہوں نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاو¿نٹ پر پوسٹ سے وضاحت کی کہ اللہ کے فضل و کرم سے’توکلنا‘ ایپ کے ذریعے جب چاہیں عمرہ کی بکنگ کروائیں۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آپ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ان کی ٹویٹ پر سوشل میڈیا کارکنوں نے دو سال قبل یاد دہانی کرائی جب سعودی وزارت داخلہ کے ایک اہلکار نے بدھ 4 مارچ 2020 کو شہریوں اور مملکت میں مقیم مسلمانوں کے لیے عمرہ اور مسجد نبوی کی زیارت کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تاکہ کورونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
وزارت حج و عمرہ نے اس وقت اس بات کی تصدیق کی تھی کہ سعودی عرب کورونا وائرس سے زائرین کی حفاظت کا خواہاں ہے۔ وزارت صحت کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات مکہ المکرمہ میں کورونا وائرس کے داخل ہونے کے لیے عمرہ کی ادائیگی سے روکا گیا تھا۔ اس وقت سعودی وزارت حج و عمرہ نے انکشاف کیا تھا کہ وہ عازمین کی کم سے کم وقت میں اپنے ملک واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔درایں اثنا قومی کمیٹی برائے حج، عمرہ اور وزٹ ایکٹیویٹیز کے ایک رکن نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا 228 عمرہ کمپنیاں اور ادارے عازمین کوان کی آمد سے لے کر عمرہ کی ادائیگی کے بعد اپنے ملکوں کو روانگی تک بہترین خدمات فراہم کرہی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ آنے والے عرصے میں بیرون ملک اور دنیا کے مختلف ممالک سے آنے والے زائرین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے زائرین کو مصر، تونس، لیبیا، ہندوستان، پاکستان سے مکہ اور مدینہ کی طرف جوق در جوق وصول کرنے کے لیے تیار ہیں۔
