Saudi Arabia opens its borders with Qatarتصویر سوشل میڈیا

ریاض:(اے یوایس)تین سال تک قطع تعلق کے بعد سعودی عرب نے قطر کے ساتھ تعلقات بحالی کیجانب پیش رفت کرتے ہوئے قطر والوں کے لیے اپنی فضائی، بحری اور بری سرحدیں کھول دیں۔قطری امیر سعودی عرب میں ہونے والے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے اجلاس میں شرکت بھی کریں گے۔

سعودی عرب نے قطر سے دوبارہ زمینی اور فضائی روابط استوار کرنے کا فیصلہ العلا شہر میں خلیج تعاون کونسل کے 41ویں سربراہ اجلاس کے انعقاد سے قبل کیا ہے۔اسی اجلاس میں ایک باضابطہ معاہدہ ہونے کی بھی توقع ہے، جس کے لیے امریکی صدر کے داماد اور وائٹ ہاؤس کے مشیر جیراڈ کشنر بھی سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے جون 2017 میں قطر کے مبینہ طور پر دہشت گردی کی حمایت کرنے اور ایران کے ساتھ روابط رکھنے کی بنا پر اس سے تعلقات ختم کیے تھے۔دریں اثنا ترکی نے قطر اور سعودی عرب میں زمینی، فضائی اور سمندری سرحدیں کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

ترکی کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سرحدیں دوبارہ کھولنا خلیج میں تنازع کے حل کی جانب اہم قدم ہے، کویت اور دوسرے بین الاقوامی عناصر کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ترک وزارت خارجہ نے کہا کہ اُمید ہے خود مختاری کے باہمی احترام کی بنیاد پر تناز عہ کا پائیدار تصفیہ کیا جائے گا، اُمید ہے قطری عوام کے خلاف دوسری پابندیاں بھی جلد اُٹھالی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ترکی خلیج میں استحکام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *