Saudi Arabia shuts down 184 Chinese websites for marketing fake products:تصویر سوشل میڈیا

ریاض:ہندوستان کے بعد اب سعودی عرب سے بھی چین کو اس وقت زبردست جھٹکا لگا جب سعودی حکومت نے فرضی پروڈکٹ کی مارکیٹنگ کے معاملہ میں چین کی 184 ویب سائٹس کو بند کردیا ۔ گلف نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق چین کی ویب سائٹ خراب اور ملاوٹی اشیا کو مارکیٹنگ کے ذریعہ بیچ رہی تھی ، جس سے سعودی عرب کا بازار متاثر ہورہا تھا۔

الجزیرہ نیوزپیپر کی ایک رپورٹ کے مطابق چین کی ویب سائٹس صارفین کو ریٹرن اور ایکسچینج کا متبادل بھی نہیں دے رہی تھیں۔ ساتھ ہی یہ آفٹرسیلس سروسز کا متبادل دینے میں بھی ناکام تھیں۔ یہ ویب سائٹس کوالیٹی کے معاملہ میں بھی صارفین کو گمراہ کررہی تھیں۔ سعودی عرب کی وزارت نے ان سبھی ویب سائٹس کو بلاک کردیا ہے ، جس میں صارفین خدمات کے ساتھ ساتھ اسٹور کا پتہ اور رابطہ نمبر درج نہیں ہے۔

اس کے ساتھ ہی سعودی حکومت نے عام لوگوں کیلئے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر ایسے اشتہارات سے بچنے کیلئے قابل اعتماد اسٹورس سے ہی سامان کی خریداری کریں۔ رپورٹ کے مطابق افسران نے اپنی جانچ میں پایا کہ لوگ عربی زبان میں جاری اشتہارات سے راغب ہورہے ہیں۔

افسران نے جب ایسی ایک ویب سائٹ کو بلاک کیا تو پانچ دیگر ویب سائٹس کے ذریعہ سے فرضی مارکیٹنگ شروع کردی گئی۔ سعودی عرب کے افسران نے کہا کہ 184 ویب سائٹس کو زیادہ سے زیادہ لوگوں کو راغب کرنے کیلئے ایک ہی وقت میں لانچ کیا گیا تھا ، اس لئے ان سبھی کو ایک ساتھ ہی بلاک کرنا پڑا۔

ان ویب سائٹس کے ذریعہ کپڑے ، جوتے ، بیگ ، پرفیوم، بیوٹی اور الیکٹرانکس کے سامان بیچے جارہے تھے۔ واضح رہے کہ اس سے پہلے ہندوستان کی الیکٹرانکس اور آئی ٹی کی وزارت نے آئی ٹی ایکٹ کی دفعہ 69 اے کے تحت چینی ایپس پر پابندی لگادی تھی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *