ریاض: سعودی عرب نے ان ممالک سے جہاں کوروناوائرس پھیلا ہوا ہے،عمرے اور سیاحت کی غرض سے آنے والے غیر ملکیوں کی مملکت میں داخلے پر عارضی طور پر پابندی لگا دی ہے۔اس ضمن میں سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ سعودی عرب نے جو سال بھر عمرے کی ادائیگی اور فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دنیا کے گوشہ گوشہ سے آنے والے فرزندگان اسلام کی نہایت خوشدلی سے میزبانی کرتا ہے احتیاطی تدابیر کے طور پر کوروناوائرس سے متاثرہ ممالک سے عمرے کے لیے مکہ میں بیت اللہ میں حاضری اور مدینہ میں واقع مسجد نبوی میں روضہ رسول ﷺ کی زیارت کے لیے آنے والے غیر ملکیوں کی حرمین شریفین میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کیونکہ چین میں وبا کی شکل میں پھوٹ پڑنے والے اس مرض نے اب کئی ممالک کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں یہ تو کہا کہ یہ پابندی عارضی ہے تاہم کب تک عائد رہے گی اس کی میعاد کا کوئی ذکر نہیں کیا۔یہ بھی واضح نہیں ہے کہ اس سال حج پر تو اس کے اثرا ت مرتب نہیں ہوں گے کیونکہ حج جولائی میں ہونے والا ہے۔نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ ممالک کے لوگوں کی مکہ مدینہ میں داخلے پر پابندی لگائی گئی ہے۔اگرچہ سعودی عرب کوروناوائرس سے متاثر نہیں ہے لیکن یہ مرض اس کے کچھ پڑوسی ممالک میں ضرور پھیل گیا ہے۔جس کے پیش نظر وہ یہ احتیاطی قدم اٹھانے پر مجبور ہے تاکہ سعودیوں کو ہی نہیں وہاں بر سر روزگار غیر ملکی تارکین کو بھی اس مرض سے محفوظ رکھا جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *