ریاض(اے یو ایس )لبنان میں سعودی عرب کے سفارتخانے نے سعودی شہریوں کو فوری طور پر لبنانی حدود چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے مسلح جھڑپوں والے علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔سعودی عرب کی نیوز ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق سعودی سفارتخانے نے زور دیا ہے کہ تمام شہری حکومت کے فیصلے کی پاسداری کریں تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر ایک بیان میں سفارتخانے نے شہریوں کو ہنگامی صورت میں رابطے کے لئے نمبر بھی فراہم کئے جو کہ درج ذیل ہیں:اس سے قبل یکم اگست کو برطانیہ نے لبنان کے لئے اپنی ٹریول ایڈوائس میں ترمیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ جنوبی لبنان میں صرف انتہائی ضرورت کے تحت ہی سفر کیا جائے۔
لبنان کے جنوب میں واقع فلسطینی مہاجر کیمپ عین الحلوہ میں فتح اور دیگر گروہوں کے درمیان مسلح جھڑپوں کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔عین الحلوہ کیمپ لبنان کے 12 فلسطینی مہاجر کیمپوں میں سب سے بڑا کیمپ ہے۔ اس کیمپ میں 80 ہزار سے لے کر ڈھائی لاکھ تک فلسطینی مہاجرین بستے ہیں۔