Saudi Arabia's wealth fund buys 2.04% stake in Reliance retail ventures

ریاض:(اے یو ایس)سعودی عرب کے سرکاری سرمایہ کاری فنڈ (پی آئی ایف) نے بھارت کی ریلائنس ریٹیل وینچورز لمیٹڈ کے2.04فی صد حصص خرید کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس نے بھارتی فرم کے یہ حصص ایک ارب 30 کروڑ ڈالر میں خرید کیے ہیں۔ریلائنس ریٹیل وینچورز تیل سے ٹیلی مواصلات تک مختلف شعبوں میں کاروبار کرنے والے بھارت کے بڑے گروپ ریلائنس کی تھوک پرچون کا کاروبار کرنے والی شاخ ہے۔یہ گذشتہ کئی مہینوں سے غیرملکی سرمایہ کاری کے حصول کے لیے کوشاں تھی۔

سعودی سرمایہ کاری فنڈ نے اس میں سرمایہ کاری سے قبل ریلائنس کی ڈیجٹیل خدمات فراہم کرنے والی فرم جیو پلیٹ فارمز کے جون میں 2۰32 فی صد حصص خرید کیے تھے۔سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر اور سعودی آرامکو کے چیئرمین یاسرالرمیان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ”ہم ریلائنس انڈسٹریز کے ساتھ اپنی پ±راعتماد شراکت داری کو مزید آگے بڑھا رہے ہیں۔یہ بھارت میں بعض سب سے پرکشش کاروباری شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کررہی ہے۔ یہ سودا پی آئی ایف کے دنیا بھر میں جدید کاروباروں میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے عزم کا بھی مظہر ہے۔“

پی آئی ایف کو سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پیش کردہ ویڑن 2030ءمیں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ سعودی عرب اس فنڈ کے ذریعے اندرون اور بیرون ملک بڑے کاروباری منصوبوں میں بھاری سرمایہ کاری کررہا ہے تا کہ تیل کی دولت پر انحصار کم کرکے آمدن کے دوسرے ذرائع پیدا کیے جاسکیں اور قومی معیشت کو متنوع بنایا جاسکے۔ریلائنس انڈسٹریز ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کی ملکیتی ہے۔وہ دوسری فرموں سے آن لائن مسابقتی کاروبار کے لیے مزید سرمائے کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔ریلائنس کا اس وقت بھارت میں والمارٹ کی فلپ کارٹ اور امازون کی بھارتی شاخ سے مقابلہ ہے۔

مکیش امبانی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ”ریلائنس کی سعودی عرب سے ایک طویل شراکت داری ہے۔پی آئی ایف سعودی عرب میں معاشی تبدیلیوں کے عمل میں قائدانہ کردار ادا کررہا ہے۔میں ریلائنس ریٹیل میں پی آئی ایف کا ایک قابل قدر شراکت دار کی حیثیت سے خیرمقدم کرتا ہوں۔“

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *