جدہ : خادم حرمین شریفین و فرمانروائے سعودی عرب شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی زیر صدارت سعودی کابینہ کے اجلاس میں ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے پر عمل درآمد کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا، جس میں دونوں ممالک کے سفیروں کی ذمہ داریاں بھی شامل ہیں، جائزہ لیاگیا۔ جدہ کے السلام محل میں منعقد اس کابینہ اجلاس میں یہ امید بھی ظاہر کی گئی کہ ایران سعودی عرب نئے تعلقات مشترکہ مفادات اور باہمی احترام پر مبنی ہوں گے۔اجلاس میں دو طرفہ تعاون اور علاقائی اور بین الاقوامی میدانوں میں ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
کابینہ کے اجلاس کے بعد سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کو ایک بیان میں وزیر برائے ذرائع ابلاغ سلمان بن یوسف الدوساری نے کہا کہ کابینہ نے مملکت کے حالیہ اقدامات، خاص طور پر جن کا تعلق اقوام متحدہ، اسلامی اور عرب تنظیموں اور جی 20 کے توسط سے دیگر ممالک کے ساتھ تعاون اور کثیرالجہتی رابطہ کاری سے ہے،غور و خوض کیا۔۔
کابینہ نے وزیر خارجہ کو خلیجی صحت کونسل کے ساتھ ہیڈ کوارٹر معاہدے کے مسودے پر دستخط کرنے کا اختیار دیا۔ اس نے اسلامی امور کے وزیر کو قازقستان میں قازقستان کے مسلمانوں کی روحانی انتظامیہ کے ساتھ اسلامی امور کے شعبے میں مفاہمت کی ایک یادداشت کے مسودے پر بات کرنے کا بھی اختیار دیا۔ کابینہ نے آبی وسائل اور آبپاشی کے شعبے میں سعودی وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت اور مصری وزارت آبی وسائل اور آبپاشی کے درمیان تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت کی بھی منظوری دی۔