Saudi Crown Prince announces transfer of 4% Saudi Aramco shares to Public Investment Fundتصویر سوشل میڈیا

ریاض:(اے یو ایس)سعودی عرب کے ولی عہد اور نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی آرامکو کے چار فی صد حصص خودمختار دولت فنڈ (پبلک انویسٹمنٹ فنڈ ،پی آئی ایف) کو منتقل کردیئے ہیں۔ولی عہد نے کہا کہ حصص کی منتقلی کے بعد ریاست سعودی آرامکو میں سب سے بڑی شیئرہولڈر بن گئی ہے کیونکہ اس کے پاس کمپنی کے 94 فی صد سے زیادہ حصص ہوگئے ہیں۔کمپنی کی مارکیٹ سرمایہ کاری کی قدرکی بنیاد پر 4 فی صد حصص کی مالیت قریباً 80 ارب ڈالر ہوگی۔ولی عہد نے اتوار کوایک بیان میں کہا کہ موجودہ حصص کی منتقلی سے پی آئی ایف کے اثاثوں میں اضافے میں مدد ملے گی۔

سعودی عرب نے اس فنڈ کے اثاثوں کو 2025 کے آخر تک قریباً 40 کھرب ریال (1.07 ٹریلین ڈالر) تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔سعودی آرامکو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حصص کی منتقلی حکومت اورریاست کے ملکیتی خودمختار فنڈ کے درمیان نجی لین دین ہے۔کمپنی اس عمل میں فریق نہیں ہے اور اس نے کوئی معاہدہ نہیں کیا۔اس نے اس منتقلی سے حاصل ہونے والی کوئی آمدن وصول کی ہے اور نہ کوئی رقم ادا کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے حصص کی تعداد یا کمپنی کے آپریشنز، حکمت عملی، منافع کی تقسیم کی پالیسی یا گورننس فریم ورک پرکوئی اثر نہیں پڑے گا۔

نیز سرکاری سرمایہ کاری فنڈ کومنتقل ہونے والے حصص کی قدر دیگر موجودہ عام حصص کے برابر ہے اور وہ یکساں درجہ رکھتے ہیں۔سعودی حکام نے اس سے قبل آرامکو کے حصص کی فروخت کا امکان ظاہرکیا تھا۔پی آئی ایف نے اس معاملے پرکوئی تبصرہ نہیں کیا۔سعودی عرب کے خودمختار دولت فنڈ کے سربراہ یاسر الرمیان نے گذشتہ سال کہا تھا کہ اگر مارکیٹ کے حالات درست رہتے ہیں تو سعودی آرامکو مزید حصص فروخت کرنے پرغورکر سکتی ہے۔وال اسٹریٹ جرنل نے حال ہی میں خبردی ہے کہ مملکت آرامکوکے مزید حصص کو اسٹاک مارکیٹ میں پیش کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے اور 50 ارب ڈالر تک کے حصص کی فروخت پرغورکررہی ہے۔

دنیا کی سب سے بڑی تیل کمپنی آرامکو نے 2019ءکے آخرمیں عالمی سطح پر سب سے بڑی ابتدائی عوامی پیش کش مکمل کی تھی اور اس کو حصص کی ابتدائی فروخت سے 29 ارب 40 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے تھے۔اس پیش کش سے حاصل ہونے والی آمدن سعودی معیشت کو متنوع بنانے اورتیل کی آمدن پرانحصار کم کرنے کے لیے پی آئی ایف کو منتقل کردی گئی تھی۔ایس پی اے کے مطابق آرامکو کے حصص کی منتقلی سے سرکاری سرمایہ کاری فنڈ کی مالیاتی حیثیت اور درمیانی مدت کے لیے کریڈٹ ریٹنگ مضبوط ہو گی کیونکہ فنڈ کے مالی منصوبوں کا انحصار اثاثوں کی قیمت اور مختلف اداروں میں کی گئی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع پر ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *