ریاض:(اے یو ایس ) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنا دورہ خلیجی ممالک مکمل کر کے کویت سے وطن واپس پہنچ گئے۔ولی عہد بحرین سے اپنے آخری خلیجی پڑاو¿ جمعہ کی صبح کویت پہنچے تھے جہاں کویت کے ولی عہد الشیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد وہ بیان پیلس چلے گئے۔ جہاں انہوں نے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کی۔کویت کے امیر نے سعودی ولی عہد کو مبارک الکبیر اور تمغہ کویت کے اعلیٰ ترین اعزازات سے نوازا۔اس دورے میں دو طرفہ تعاون، مشترکہ دلچسپی کے امور اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر موقف کو یکجا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
مئی 2015 میں اپنے پہلے سرکاری دورے کے بعد سعودی ولی عہد کا کویت کا یہ تیسرا دورہ ہے۔اس سے قبل 30 ستمبر 2018 کو انہوں نے کویت کا دوسرا دورہ کیا تھا۔کویتی ولی عہد الشیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے سات اکتوبر 2020 کو منصب سنھبالنے کے بعد سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی باضابطہ دعوت پر یکم جون 2021 کو سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ 2018 میں کویت اور سعودی عرب نے کویتی- سعودی رابطہ کونسل کے قیام کی منظوری دی تھی۔ جسے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ اور بڑھتے ہوئے تعاون میں ایک نئی شروعات سمجھا جاتا ہے۔اس دورے کے موقعے پر کویت چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور فیڈریشن آف سعودی چیمبرز آف کامرس نے دونوں ممالک کے سرکاری اور نجی اداروں اور کاروباری مالکان نے شرکت کی۔
فورم نے کویت میں سرمایہ کاری کے ماحول اور کویت کے وڑن 2035 کا جائزہ لیا جبکہ سعودی عرب نے مملکت میں قابل تجدید توانائی اور پانی اور رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں پریزنٹیشن دی۔ اس کے علاوہ خلیج کے شعبے میں کیمیائی صنعتوں کے انضمام پر ورکنگ پیپر بھی پیش کیا۔اس فورم میں سعودی اور کویتی کمپنیوں کے درمیان مینوفیکچرنگ، توانائی، انجینیرنگ کی تعمیر اور کنٹریکٹنگ کے شعبوں میں 6 دوطرفہ شراکت داری کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
منگل کو شہزادہ محمد بن سلمان نے خلیجی دورے کا آغاز کیا جس کا آغاز سلطنت عمان کے دورے سے ہوا، جہاں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ دلچسپی کے متعدد امور، سیاسی، اقتصادی اور فوجی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔بعد ازاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا جہاں ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور سعودی ولی عہد کو ریاست کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا۔ولی عہد بدھ کو قطر پہنچے تھے جہاں امیر قطر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے ان کا استقبال کیا۔ خلیجی ممالک کے دورے کے دوران جمعرات کو ولی عہد نے بحرین اور پھر جمعہ کے روز کویت کا دورہ کیا۔
