ریاض: (اے یو ایس )سعودی عرب کے ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے سرکاری دورہ فرانس کے بعد فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کو پیغام بھیج کر اظہار تشکر کیا۔اپنے پیغام میں شہزادہ ایم بی ایس نے کہا کہ میرے اور میرے ہمراہ آنے والے وفد کا جس طرح پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کی گئی اس کے لیے میں عزت ماٰب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
عزت ماٰب سے جو تبادلہ خیال ہوا اس نے ہم دونوں دوست ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مستحکم کرنے کی یکساں خواہش اور خادم حرمین شریفین و فرمانروائے مملکت شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود اور عزت ماٰب کی قیادت میں مشترکہ مفاد کے امور میں رابطہ اور مشاورت جاری رکھنے پر کام کرنے پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔
قبل ازیں فرانس کے دارالخلافہ پیرس پہنچنے پر فرانسیسی صدر نے ایلیسی پیلس میں شہزادہ محمد بن سلمان کا استقبال کیا۔ واضح ہو کہ فرانس کا دورہ ولی عہد کے یورپی دورے کا دوسرا اور آخری مرحلہ تھا ۔ فرانسیسی صدر سے ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ولی عہد ایم بی ایس نے فرانسیسی قیادت سے مشترکہ دلچسپی کے امور پر بھی ہمہ پہلو تبادلہ خیال کیا۔سعودی ولی عہد دو روزہ دورے کے بعد بدھ کے روز یونان گئے تھے جہاں دونوں ممالک نے فوجی اور اقتصادی تعاون کی متعدد یادداشتوں پر دستخط کیے تھے۔
اپنی روانگی سے قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ ان کے دورہ یونان نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی پر زور دینے کا موقع فراہم کیا۔دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی جن یاداشتوں پر دستخط کیے گئے ان میں سائنسی اور تکنیکی تعاون کے علاوہ صحت کے شعبے میں مفاہمت اور تعاون کے معاہدے بھی شامل ہیں۔