ریاض:(اے یو ایس )سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اتوار کے روز بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اور کویت کے امیرشیخ نواف الاحمد الصباح سے ٹیلی فون پرلبنان کے ساتھ حالیہ سفارتی تنازع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔شاہ سلمان نے ان دونوں لیڈروں کا لبنان سے سفارتی تنازع میں سعودی عرب کے مؤقف اور اقدامات کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے ٹیلی فون کال میں لبنانی وزیراطلاعات کے متنازع بیان کے حوالے سے کویت کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ اس کے اقدامات سے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک میں یک جہتی کی عکاسی ہوتی ہے۔بحرین کے شاہ حمدبن عیسیٰ نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے ساتھ گہرے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور جی سی سی ریاستوں کی ہم آہنگی کا اعادہ کیا۔
امیرِکویت شیخ نواف نے کہا:”کویت کے اس ضمن میں اقدامات خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے درمیان اتحاد کی تصدیق کرتے ہیں۔“لبنانی وزیراطلاعات جارج قرداحی کے یمن میں عرب اتحاد کی فوجی مداخلت کے بارے میں تنقیدی تبصروں پرسعودی عرب اوردوسرے خلیجی ممالک نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور انھوں نے اپنے دارالحکومتوں سے لبنانی سفیروں کو بے دخل کردیا ہے۔