ریاض:(اے یو ایس ) سعودی عرب کے شاہی دربار نے بتایا ہے کہ ’جی 20‘ ممالک کا سربراہ اجلاس 30 اور 31 اکتوبر کواٹلی کے صدر مقام روم میں منعقد ہو رہا ہے۔ یہ ایک ورچوئل اجلاس ہوگا جس کی صدارت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کریں گے۔اٹلی کے وزیراعظم ماریو ڈراگی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو ’جی 20‘ سمٹ کی صدارت کی باضابطہ دعوت دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی “SPA” کے مطابق شاہی دیوان کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب جمہوریہ اٹلی کی طرف سے جی20 اجلاس اور گروپ کی کاوشوں کو کامیاب بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ مملکت ’ٹرویکا‘ گروپ کی حیثیت سے جی ٹوئنٹی اجلاس کے مقاصد کے حصول اور سمٹ کی کامیابی کے لیے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔اٹلی میں ہونے والے ’جی20‘ سربراہ اجلاس کی اہم ترجیحات میں تین اہم امور لوگ، زمین اور خوشحالی کو موضوع بنایا گیا ہے۔
ان کے ساتھ کئی ذیلی موضوعات جن میں عالمی معیشت ، صحت ، تعلیم ، روزگار ، زراعت ، ترقی ، توانائی اور آب و ہوا ، ماحولیات ، تجارت اور سرمایہ کاری ، ڈیجیٹل معیشت ، اینٹی کرپشن ، ثقافت اور سیاحت جیسے امور پربھی بحث کی جائے گی۔سعودی عرب نے نومبر 2020 میں دارالحکومت ریاض میں ویڈیو لنک کے ذریعے جی 20 لیڈرز سمٹ کے پندرہویں سیشن کی میزبانی کی تھی۔خیال رہے کہ ’جی 20‘ گروپ میں ٹرویکا گروپ میں اٹلی ، سعودی عرب اور انڈونیشیا شامل ہیں۔ پچھلے اجلاس کی میزبانی سعودی عرب نے تھی۔ موجودہ سیشن اٹلی کی میزبانی میں ہورہا ہے جب کہ آئندہ سال 2022ئ اجلاس انڈونیشیا کی میزبانی میں ہوگا۔