صنعا:(اے یو ایس ) یمن کے لیے قائم عرب فوجی اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جزیرہ کمران کے بالمقابل الحدیدہ گورنری میں سمندر میں حملے کے لیےحوثی ملیشیا کی طرف سے تیار کی گئی ایک بمبار کشتی کوتباہ کردیا گیا ہے۔ یہ بمبار کشتی حملے کے لیے تیار کی گئی تھی۔عرب اتحادی فوج نے ایک بیان میں کہا ہےکہ حوثی ملیشیا الحدیدہ میں جنگ بندی کے حوالے سے طے پائے اسٹاک ہوم جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
قبل ازیں عرب اتحادی فوج نے بیان میں کہا تھا کہ شمال مغربی مآرب سے 30 کلو میٹر دور الکسارہ اور جنوبی مآرب میں 50 کلو میٹر دورالجوبہ کے مقام پر حوثیوں کے خلاف 88 حملے کیے گئے جن میں 264 حوثی جنگجو ہلاک اور ان کی 36 فوجی گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔جنوبی مآرب میں یمنی فوج اور اس کے وفادار قبائلی مزاحمت کاروں کے حملوں میں بھی حوثی ملیشیا کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
یمن کے عسکری اتحاد کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نواز حوثی ملیشیا کے خلاف یمن میں مختلف محاذوں پر کارروائی جاری ہے جس میں دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان سے دوچار کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ عرب اتحاد نے حوثی ملیشیا کے چار قافلوں پر حملہ کیا جس میں حوثی ملیشیا ان قافلوں میں موجود تمام جنگجو ہلاک ہوگئے۔قبل ازیں عرب اتحاد نے الکسارہ اور الجوبہ میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر حملوں میں 92 حوثی جنگجوو¿ں کو ہلاک کیا اور ان کی 31 گاڑیاں تباہ کی گئیں۔