Saudi man crashes car into gates of Mecca's Grand Mosque

ریاض:( اے یوایس ) سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ایک تیز رفتار کار مکہ میں مسجد الحرام کے ایک دروزے سے ٹکرا گئی لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سرکاری اطلاعات کے مطابق سعودی شہری یہ کار چلارہاتھا۔یہ واقعہ جمعے کی شب 10 بج کر 30 منٹ کے قریب پیش آیا۔واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ گاڑی سڑک پر موجود رکاوٹ سے ٹکرائی اور اسے عبور کر گئی۔ ڈرائیور گاڑی روکنے کے بجائے اسے چلاتا رہا جب تک وہ مسجد الحرام کے جنوبی حصے میں واقع ایک باہری دروازے سے نہیں ٹکرا گیا۔

پولیس نے کار میں موجود ڈرائیور کو گرفتار کر لیا جو سرکاری اطلاعات کے مطابق ’غیر معمولی حالت‘ میں تھا۔ حکام نے اس کی وضاحت نہیں کی اور نہ ہی گرفتار شخص کے متعلق مزید معلومات فراہم کی ہے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اس شخص کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جا چکا ہے۔سرکاری چینل قرآن ٹی وی پر حادثے سے قبل اور بعد میں مسلمانوں کو خانہ کعبہ کا طواف کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

امکان ہے کہ اس دوران اندر موجود افراد حادثے سے لاعلم رہے۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور لوگ اس پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سکیورٹی اہلکار اس کار کے ٹکرانے کے بعد اسے جائے وقوعہ سے ہٹا رہے ہیں۔بعض صارفین نے اس حوالے سے فیک نیوز (غلط معلومات) بھی شیئر کی کہ ’گاڑی خانہ کعبہ کے صحن تک پہنچ گئی تھی‘ جبکہ ویڈیو میں یہ صاف ظاہر ہے کہ کار مسجد کے باہری دروازے سے ٹکرا کر ر±ک گئی ہے۔سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد کے خیال میں مکہ کی سکیورٹی اس قدر سخت ہے کہ ایسا واقعہ پیش آنا ممکن نہیں اور وہ اس ویڈیو کو جعلی قرار دے رہے ہیں۔ تشریف خان نے لکھا کہ یہ ’ناممکن ہے اور ویڈیو فیک لگ رہی ہے۔‘تاہم سعودی خبر رساں ادارہ واقعے کی تصدیق کر چکا ہے۔فیس بک صارف تنویر خان نے لکھا کہ ’جو کوئی بھی مسجد الحرام جاچکا ہے وہ یہ جانتا ہے کہ یہاں اندر داخلے کے لیے لوگوں کو کئی دروازوں اور سکیورٹی کی ان گنت چوکیوں سے گزرنا پڑتا ہے۔‘

مظہر آفریدی کے مطابق ’تحقیقات کے بغیر ہمیں کسی نتیجے پر نہیں پہنچنا چاہیے۔‘کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران حکام نے کچھ عرصے کے لیے مسجد الحرام میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی تھی لیکن بعد میں اسے کھول دیا گیا تھا اور یہاں داخل ہونے والوں کے لیے خصوصی ایس او پیز جاری کیے گئے تھے۔رواں سال جولائی میں سعودی عرب نے بیرون ملک سے آنے والے حاجیوں کی مکہ آمد پر مکمل طور پر پابندی عائد کی تھی۔ صرف سعودی عرب میں پہلے سے موجود غیر ملکی حاجیوں کو حج کا فریضہ ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔سعودی حکام نے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر صرف دس ہزار افراد کو حج ادا کرنے کی اجازت دی تھی ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *