اقوام متحدہ:(اے یو ایس ) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی کے قتل کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ایک پریس بیان میں سلامتی کونسل کے 15 ارکان نے اتوار کی صبح الکاظمی کے گھر کو نشانہ بنانے والے ڈرون سے حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔
بیان میں ان گھناؤنی دہشت گردی کی کارروائیوں کے مرتکب افراد، ان کے منتظمین، فنانسرز اور سپانسرز کو جوابدہ ٹھہرانے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر بھی زور دیاگیا۔ سیکیورٹی حکام اور مسلح عراقی دھڑوں کے قریبی ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ یہ حملہ ایک ایرانی حمایت یافتہ گروپ نے کیا تھا۔ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پررائیٹرز کو بتایا کہ حملے میں استعمال ہونے والے ڈرون اور دھماکا خیز مواد ایرانی ساختہ تھا۔اس کے علاوہ دو عراقی سیکورٹی حکام اورایرانی وفادار دھڑوں کے قریبی ذرائع نے وضاحت کی کہ یہ حملہ ان گروہوں میں سے کم از کم ایک نے کیا تھا۔