ریاض: ( اے یو ایس ) حج سیکیورٹی کمانڈر میجر جنرل زاید الطویان نے اعلان کیا کہ رواں سال کرونا وبا کی وجہ سے حجاج کرام کی تعداد کو محدود رکھا گیا ہے تاکہ حج کے دوران حجاج کرام وبا سے بچ سکیں۔انہوں نے پریس کانفرنس میں واضح کیا کہ کسی شخص کو بغیر اجازت کے مقدس مقامات میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مشاعر مقدسہ میں خدمات انجام دینے والے کارکنوں اور عملے وزارت داخلہ کی طرف سے خدمات کی فراہمی کی اجازت ہوگی۔حج کمانڈر نے تصدیق کی کہ تمام عازمین کو صرف 4 داخلی راستوں کے ذریعہ حرم مکی میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مشاعر مقدسہ کو تمام اطراف سے سیکیورٹی حکام کے گھیرے میں رکھا جائے گا تاکہ حج کے موقع پر کوئی غیر مجاز شخص حجاج کرام میں شامل نہ ہوسکے۔ اس کے باوجود خلاف ورزی کرنے والے شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دوسری طرف روڈ سیکیورٹی کے لیے حج سیکیورٹی فورسز کے اسسٹنٹ کمانڈر نے بتایا کہ متعلقہ ایجنسیاں مشاعر کے اطراف میں سیکیورٹی حصار نافذ کرنے کی ذمہ دار ہوں گی۔وزارت حج وعمرہ نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ صرف سعودی عرب کے اندر شہریوں اور رہائشیوں کے لیے سن 1442 ہجری میں حج کے مناسک کی ادائی کی اجازت ہوگی۔ سعودی حکومت نے رواں ال حجاج کرام کی تعداد 60 ہزار مقرر کی ہے۔