Seven security officials martyred in Sibi blastتصویر سوشل میڈیا

کوئٹہ،:(اے یو ایس)بلوچستان کے ضلع سبی کے جیل روڈ پر ایک خود کش دھماکے میں نیم فوجی فرنٹئیر کانسٹبلری (ایف سی) کے کم از کم7اہلکار ہلاک اور 29دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ دھماکہ صدر مملکت عارف علوی کے سیبی میلے سے روانہ ہونے کے فوراً بعد ہوا ۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔امدادی اداروں کے رضا کاروں نے بھی جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے میں امدادی کارروائیاں انجام دیں۔جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو سبی ڈسٹرکٹ اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔

ہلاک ایف سی اہلکاروں کی حولدار لطیف، نائئیک وحید، سپاہی جلیل، سپاہی آفتاب اور سپاہی حبیب اللہ کے طور پر کی گئی ہے۔سبی ڈسٹرکٹ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سرور ہاشمی نے بتایا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 3 افراد کی لاشیں اور 28 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں۔ایس ایس پی جواد نے اس امر کی تصدیق کر دی کہ جیل روڈ کے قریب ہونے والا دھماکا خود کش بمبار نے کیا تھا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جائے دھماکا سے خود کش بمبار کے ادھر ادھر بکھرے اعضا قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔صوبائی وزیر احسان شاہ نے بتایا کہ سبی میں ہونے والے دھماکے کے بعد سبی اور کوئٹہ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سبی بم دھماکے کی مذمت کی ہے۔کوئٹہ سے جاری کیے گئے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے سبی کے تاریخی میلے کو سبو تاڑ کرنے کی کوشش کی۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کا واقعہ محنت کشوں کے روزگار کے خلاف سازش ہے، ترقیاتی عمل کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔میر عبدالقدوس بزنجو نے یہ بھی کہا کہ عوام کے تعاون سے صوبے کو امن اور ترقی کا گہوارہ بنائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *