بیروت:(اے یو ایس ) العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کے ذرائعکے مطابق لبنان کے جنوب میں برج الشمالی پناہ گزین کیمپ میں دھماکے میں فلسطینی تنظیم حماس کا بھرتی کا ذمے دار ہلاک ہو گیا۔ یہ کیمپ صور شہر میں واقع ہے۔یاد رہے کہ جمعے کی شام فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپ میں حماس تنظیم کے گولہ بارود اور اسلحے کے گودام میں زور دار دھماکا ہوا تھا۔ اس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔
عسکری ذرائع کے مطابق دھماکے کے سبب حماس کا ہتھیاروں کا گودام جل کر تباہ ہو گیا۔ تاہم حماس نے اس کی تردید کی ہے۔ہفتے کے روز جاری بیان میں حماس کا کہنا ہے کہ برج الشمالی کیمپ میں پیش آنے والا حادثہ گودام میں شارٹ سرکٹ کا نتیجہ ہے۔ اس گودام میں کرونا کے مریضوں کے لیے مخصوص آکسیجن اور گیس کے سلنڈر اور سینی ٹائزر کا مواد رکھا ہوا تھا۔تنظیم نے میڈیا میں گمراہ کن اور جھوٹی خبریں پھیلانے کی مذمت کی۔