واشنگٹن/ٹورنٹو:امریکہ اور کناڈا میں ریکارڈ توڑ گرمی کے باعث 300سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔ شدید گرمی کینیڈا میں تباہی مچا رہی ہے۔ حکام کے مطابق کناڈا کے وینکوور خطے میں شدید گرم لہر سے جس نے لو کی شکل اختیار کر لی ہے درجنوں افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔ کناڈا میں اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔گذشتہ تین روز سے49.6ڈگری سے زائد درجہ حرارت ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ اور رائل کناایائی گھوڑ سوار پولیس کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، وینکوور کے علاقے میں گرمی کی وجہ سے جمعہ کے روز سے کم از کم 134 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ وینکوور محکمہ پولیس نے بتایا کہ جمعہ کے روز سے ہی اچانک اموات کے بارے میں اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ 65افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ان میں سے زیادہ تر اموات ، جن میں اکثریت عمر رسیدہ افراد یا پہلے ہی سے کسی عارضہ میں افراد کی ہے، شدید گرمی سے ہوئی ہیں۔
ملک کے شمال مغربی علاقے بھی شدید گرمی کی زد میں ہیں اور وہاں بھی زیادہ تر اموات شدید گرمی کے باعث ہوئی ہیں ۔ امریکی شہروں پورٹ لینڈ اور سیئیٹل میں ریکارڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ نیشنل ویدر سروس کے مطابق 1940 کے بعد سے، جب سے کہ درجہ حرارت کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے،یہ درجہ حرارت اب تک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق اوریگون کے علاقے پورٹ لینڈ میں جہاں شدید گرمی سے پائپ تک پھٹ گئے ہیں، درجہ حرارت 46.1 اور سیئٹل میں 42.2 سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔واشنگٹن کے کئی علاقوں میں بجلی کی بڑھتی مانگ سے نمٹنے کے لیے لوڈ شیڈنگ شروع کر دی ہے جس سے واشنگٹن کا شہر صحرا کی تصویر کشی کر رہا ہے۔