پنے : بالی ووڈ اداکار شبانہ اعظمی مہاراشٹر کے رائے گد ضلع میں سنیچر کی سہ پہر ممبئی پنے ایکسپریس وے پر ایک حادثہ میں زخمی ہو گئیں۔
ایک سرکاری عہدیدار کے مطابق یہ حادثہ اس وقت ہوا جب ممبئی جاتے ہوئے ان کی کار آگے جارہے ٹرک میں گھس گئی۔
دونوں ہی گاڑیاں (کار اور ٹرک) ممبئی ہی جارہے تھے۔رائے گڈ کے پولس سپرنٹنڈنٹ انل پراسکر کے مطابق یہ حادثہ ممبئی سے تقریباً60کلومیٹر دور کھلہ پور کے قریب سہ پہر ساڑھے تین بجے اس وقت پیش آیا جب ان کی کار جس میں وہ سفر کر رہی تھیں ٹرک میں گھس گئی۔
حادثہ میں ڈرائیور بھی زخمی ہو گیا۔ شبانہ اورڈرائیور دونوں کو نوی ممبئی میں ایم جی ایم اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔جس وقت حادثہ ہوا تو شبانہ اگلی نشست پر بیٹھی تھیں۔ان کی کار کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا۔
ان کی گردن ،ٹھوڑی اور آنکھ کے قریب چوٹیں آئی ہیں۔ابتدائی خبروں کے مطابق ان کے شوہر جاوید اختر ایک دوسری کار میں ان کے پیچھے آرہے تھے۔جاوید محفوظ ہیں ۔
بتایا جاتا ہے کہ سفاری کار کے ڈرائیور نے اوور ٹیک کی کوشش کی لیکن ٹرک کے پیچھے گھس گیا۔ شبانہ اعظمی کو 1998 میں پدما شِری ایوارڈ سے سرفراز کیاگیا تھا ۔اس کے علاوہ وہ 5 بار نیشنل فلم ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں۔ان کی آخری بار 2017 میں ریلیز ہونے والی فلم ’دی بلیک پرِنس‘تھی۔