کراچی: سندھ صوبہ میں کورونا وائرس سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچھو نے بذریعہ ویڈیو ا س جان لیوا مرض سے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کراچی کا رہائشی ایک77سالہ بزگ تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس کوروناوائرس کا شکار ہونے سے پہلے سے ہی ذیابیطس اور ہائپر ٹینشن سمیت کئی متعدد بیماریوں میں مبتلا تھے۔ لیکن اس بات کا علم نہیں ہو سکا کہ اس شخص نے کوئی سفر کیا تھا تو کہاں کہاں گیا تھا یا وہ کس کس سے ملاتھا۔ چونکہ وہ کئی امراض میں مبتلا تھے اس لیے ان پر کوروناوائرس کا حملہ ہوا تووہ جانبر نہ ہو سکے اور ابتدائی اسٹیجیں ہی اس دار فانی سے رخصت ہو گئے۔ اس تازہ واقعہ سے ملک کو تیزی سے اپنی زد میں لینے والے اس موذی مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر3ہوگئی۔پاکستان میں کوروناوائرس کے مریضوں ک تعداد بڑھ کر 458ہو گئی ہے جن میں سے 3 کی موت ہو چکی ہے اور تین روبصحت ہو کر اسپتالوں سے ڈسچارج ہو چکے ہیں۔جمعرات کے روز صوبہ سندھ میں مزید 37، پنجاب میں 45، بلوچستان میں 58، خیبر پختونخوا میں 4 اور گلگت میں 8 نئے کیسز سامنے آنے کے بعدریاست وار ان مریضوں کی تعداد کچھ اسطرح ہو گئی۔ سندھ میں245،بلوچستان میں81، پنجاب میں80، گلگت بلتستان 24، خیبر پختونخوا میں23اور اسلام آباد میں7 افراد اس مرض میں مبتلا ہیں۔