انقرہ: سنگا پور حکام کے حکم پر ترک ایر لائنز کا ایک طیارہ مسافروں کو لیے بغیر ہی استنبول واپس آگیا کیونکہ3مارچ کو اسی طیارے سے آنے والے ایک مسافر کاکورونا وائرس ٹسٹ پوزیٹیو پایا گیا تھا۔
ترکی کے وزیر صحت فخر الدین خوجہ نے کہا کہ کورنا وائرس سے متاثرہ یہ مسافر فرانسیسی تھا جو لندن سے سنگا پور گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ طیارے کے عملے کو احتیاطی تدابیر کے طور پر 14روز کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
ترک محکمہ ہوا بازی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سنگا پور جانے والے اس طیارے میں 143مسافر، تین پائلٹس اور عملہ کے دس ا فراد تھے۔
گذشتہ ماہ نائجیریا نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کا پہلا کیس استنبول سے ترک ایر لائنز کی ایک پرواز سے ہی اس وقت ملک میں داخل ہوا تھا اٹلی کا ایک شخص اس طیارے سے لاگوس ہوائی اڈے پر اترا۔
خوجہ نے کہا کہ سنگا پور میں کورونا وائرس سے متاثرہ شخص فرانسیسی شہری تھا۔وہ ٹرانزٹ پسنجر تھا اور لندن سے سنگا پور جا رہا تھا۔
ہمارا جہاز مسافروں کے بغیر ہی واپس آگیا۔ جہاز کے عملہ کو 14روز کے لیے طبی قید میں رکھا گیا ہے۔ سنگا پور کی شہری ہوا بازی اتھارٹی (CAAS) کے عہدیدار نے کہا کہ اس پرواز کے پائلٹ اور عملہ کے افراد کا اس مسافر سے رابطہ رہا تھا لیکن سنگا پور میں ان سب کی طبی جانچ کی گئی تھی تو ان میں کوروناوائرس ٹسٹ نگیٹیو پایا گیا تھا۔
عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ سنگا پور کی وزارت خارجہ ترک سفارت خانہ واقع سنگا پور سے ، جس نے اس امر کی تصدیق کی تھی کہ جہاز کے عملہ کو استنبول پہنچنے کے بعد قرنطینہ میں رکھا جائے گا،رابطے میں ہے۔