لارڈز : ہندوستان نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں151رنز سے کراری شکست دے کر پانچ ٹیسٹ میچوں کی سریز میں 1-0کی سبقت حاصل کر لی۔ پہلا ٹسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر اختتام پذیر ہو گیا تھا۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز 8وکٹ پر 298رنز بنا کر ڈکلیر کر دی ۔ اور انگلینڈ کو 271رنز کا ہدف دیا لیکن دوسرے اوور میں ہی وہ اپنے دونوں افتتاحی بلے بازوں سے محروم ہو کر شکست کی راہ پر چل پڑا۔اور ابھی ایک چوتھائی منزل بھی طے نہیں کی تھی کہ اس کی نصف ٹیم آؤٹ ہو کر پویلین جا چکی تھی۔
رہی سہی کسر فاسٹ بولر محمد سراج نے پوری کر دی اور 90کے مجموعے پر ٹیم کے 39ویں اوراپنے8ویں اوور کی لگاتار گیندوں پر معین علی اور سام کورین کو پویلین کی راہ دکھا کر انگلینڈ کو شکست کی شاہراہ پر ایسا ڈالا کہ اس کے بعد تو انگلینڈ نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اتنی تیزی سے شکست کی جانب بڑھنا شروع کیا کہ دیکھتے ہی دیکھتے پوری ٹیم 120رنز پر ڈھیر ہو گئی۔انگلینڈ ی طرف سے کپتان جو روٹ 33رنز بنا کر نمایاں رہے انہوں نے 60گیندوں کا سامنا کیا اور 5چوکے لگائے۔ جبکہ دوسرے سب سے بڑے اسکورر مسٹر ایکسٹراز رہے جنہوں نے ٹیم کے مجموعے میں17بائی،4نوبال اور ایک وائڈ کی مدد سے 29رنز کا تعاون دیا۔
وکٹ کیپر جوز بٹلر نے 96گیندوں پر 3چوکوں کی مدد سے 25اور معین علی نے 13رنز بنائے۔محمد سراج نے 4، بومرا نے 3،ایشانت شرما نے2اور محمد شامی نے ایک وکٹ لی۔ کے ایل راہل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے قبل ہندوستان کی جانب سے 9نمبر کے بلے باز محمد شامی نے ہاف سنچری اور 10نمبر کے بلے باز جسپریت بومرا کے ساتھ9ویں وکٹ کے لیے 89رنز کی غیر مفتوح پارٹنر شپ کر کے ٹیم انڈیا کو ایسی مضبوط پوزیشن دلادی جہاں وہ کسی بھی طور پر میچ نہیں ہار سکتا تھا۔
شامی نے 70گیندوں پر 6چوکوں اور ایک چھکے کی دد سے56، جسپریت بومرا نے64گیندوں پر 3چوکوں کے ساتھ 34رنز بنائے۔قبل ازیں اجنکیا رہانے نے146گیندوں پر5چوکوں کی مدد سے61، چتیشور پجارا نے 206گیندوں پر 4چوکوں کےساتھ45،کپتان وراٹ کوہلی نے 31بالوں پر چار چوکوں کی مدد سے20، رشبھ پنت نے46گیندوں پرایک چوکے کی مدد سے22 اور روہت شرما نے 36گیندوں پر2چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ21رنز بنائے۔انگلینڈ کی طرف سے مارک ووڈ3وکٹ لے کر کامیاب بولر رہے۔ معین علی اور اولی رابنسن نے دو دو اور سام کورین نے ایک وکٹ لی۔