نئی دہلی:وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے سابق امریکی صدر بارک اوباما کو ہندوستان میں مسلمانوں کی سلامتی اور ان کے تحفظ کے حوالے سے ان کے تبصرے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس شخص کے تبصرے سن کر حیران رہ گئیں جس کے دور میں چھ مسلم اکثریتی ممالک پر 26000 سے زیادہ بموں سے بمباری کی گئی۔ 2009 سے 2017 تک صدر رہنے والے اوباما نے حال ہی میں سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو اپنی اقلیتوں کی حفاظت کرنی چا ہئے ورنہ ملک کسی وقت بھی ٹوٹ سکتا ہے۔ یہ تبصرہ ایک ایسے وقت میں سامنے آ یا جب امریکی صدر جو بائیڈن، جو اوباما کے دور صدارت میں ان کے نائب تھے، وزیر اعظم نریندر مودی کی میزبانی کر رہے تھے۔
سیتا رمن نے کہا کہ خود وزیر اعظم مودی نے امریکہ میں پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ان کی حکومت کس طرح سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے اصول پر کام کرتی ہے اور کسی بھی فرقہ کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کرتی ہے۔ اس کے بعد انہوں نے وزیر اعظم مودی کو بیرونی ممالک کی طرف سے دیئے گئے اعزازات کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں دیئے گئے 13 ایوارڈز میں سے 6 ایسے ممالک نے دیئے ہیں جہاں مسلمان اکثریت میں ہیں۔
سیتا رمن نے سی این این کو انٹرویو دینے پر اوبامہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں حیران رہ گئی۔ جب مودی امریکہ میں ہندوستان کے بارے میں بات کر رہے ہیں امریکہ کے ایک سابق صدر ہندوستانی مسلمانوں کے بارے میں بات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں مذہبی آزادی کے بارے میں ایک سابق صدر کے ، جس کے دور میں چھ مسلم اکثریتی ممالک پر 26,000 سے زیادہ بموں سے بمباری کی گئی، الزامات پر لوگ کیسے اعتماد کریں گے؟ستمبر 2014 میں سی این این نے ان ممالک کی فہرست شائع کی جن پر اوباما انتظامیہ کے دور میں امریکہ نے بمباری کی تھی۔ ان ممالک میں افغانستان، پاکستان، لیبیا، یمن، صومالیہ، عراق اور شام شامل ہیں۔
تصویر سوشل میڈیا 