سیول:(اے یو ایس )جنوبی کوریا کی ایک سرنگ میں ایک بس اور ترک مین ٹکر ہوجانے سے بھڑک اٹھنے والی آگ میں چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی فائر بریگیڈ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ایک بڑی ہائی وے پر بنی سرنگ میں اس حادثے کے بعد سرنگ کے اندر سے نکلنے والے شعلے اور دھویں کے مرغولے دور تک نظر آرہے تھے۔ تاہم آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ اور زخمیوں کو بھی ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ سرنگ اس علاقے کے مکینوں کو ہر وقت گزرنے والی گاڑیوں کے شور سے بچانے کے لیے بنائی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حادثے کے ساتھ ہی سرنگ کے اندر آگ بھڑک اٹھی۔آگ پر قابو پانے سے پہلے کئی افراد کے جسم بہت زیادہ جھلس چکے تھے۔ تقریباً 20 افراد کی دھویں کی وجہ سے حالت غیر ہو گئی۔ جنہیں ریسکیو کے بعد علاج کی فوری سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔
جنوبی کوریا کے وزیر داخلہ ‘ لی سانگ من ‘ کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔مقامی حکام کو زخمی اور متاثرہ افراد کے لیے بہتری کوششوں کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاکہ ان سب کی جان بچائی جا سکے جو حادثے کے بعد جائے حادثہ سے نکلنے کی پوزیشن میں نہیں رہے تھے۔خیال رہے کوریا میں ہالوین کے حالیہ حادثے کے بعد دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ ہالوین کے حادثے میں 150 مارے گئے تھے، جن میں بڑی تعداد خواتین کی تھی۔