پٹنہ: بہار کے کھگڑیا ضلع میں ایک اسکول کی دیوار گرجانے سے اس کے ملبہ کے نیچے دب کر چھ مزدور ہلاک اور چھ دیگر بشمول ایک بچہ شدید زخمی ہو گئے جبکہ دیگر تین افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ یہ سانحہ کھگڑیا کے تھانہ مہیش کنٹ کے گاؤں چنڈی ٹولا میں پیش آیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک کھدائی کرنے والا اس دیوار کی باؤنڈری کے قریب کھدائی کر رہا تھا۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ کسی مناسب منصوبہ بنادی کے بغیر ایک چھ فٹ گہری نالی بنائی جا رہی تھی۔ اس نے الزام لگایا کہ کھدائی کے باعث اس دیوار کو نقصان پہنچا اور دیوار منہدم ہو گئی جس کے ملبہ کے نیچے تعمیر میں لگے مزدور دب گئے۔زخمیوں کو فوری طور پر ایک مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی سب کی حالت نازک بتائی جا تی ہے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ انچارج سترونجے مشرا نے کہا کہ سانحہ اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ دیوار کی تعمیر میں تعمیراتی کمپنی نے غفلت برتی ہے۔مشرا نے بتایا کہ تقریباً شام ساڑھے چار بجے اسکول کی دیوار اچانک گر پڑی۔ایک زوردار آواز ہوئی اور اس دیوار کی تعمیر میں لگے12مزدور اس دیوار کے ملبہ کے نیچے دب گئے۔چھ مزدوروں کی لاشیں ملبہ سے نکال لی گئیں۔ اور دیگر چھ مزدوروں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔
