کابل:سابق افغان عہدیداروں اور سیاسی شخصیات کے ساتھ رابطے اور ان کی واپسی سے متعلق کمیشن نے کہا ہے کہ کچھ سابق سرکاری عہدیداروں اور سیاست دانوں نے وطن واپس آجانے کے لیے کمیشن کی پیشکش کا مثبت جواب دیا ہے۔کمیشن کے ترجمان احمد اللہ واثق نے کہا کہ ملک واپس آنے والے افغان سیاست دان موجودہ افغان حکومت کے ڈھانچے کے تحت اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کے بعض صوبائی گورنر وں اور اراکین پارلیمنٹ سے رابطے ہوئے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ لوگ اس سلسلے میں میڈیا سے بات کریں گے۔ واثق نے کہا کہ طبی ڈاکٹروں اور ماہرین بشمول 8 علمی شخصیات دوشنبہ کو افغانستان واپس آگئیں۔واثق کے مطابق درجنوں افغان سیاست دانوں اور سابق عہدیداروں نے ملک واپس آنے کے لیے فارم بھرے ہیں۔
واپس آنے والے ایک شخص نے کہا کہ ہم سات لوگ ایک ساتھ واپس آئے ہیں۔ کچھ علمی شخصیات پہلے ہی آگئی تھیں۔ ہم 200 سے زیادہ لوگ ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ابتدا میں بعض سیاستدانوں نے کمیشن کے قیام کو محض کاغذی خانہ پری قرار دیا تھا۔ ایک سیاسی تجزیہ کار سید ہارون ہاشمی نے کہا کہ سابق افغان حکام اور سیاسی شخصیات کے ساتھ واپسی اور مواصلات کے کمیشن کے قیام کے لیے سیاست دانوں اور بااثر شخصیات کی واپسی کی راہ ہموار کرنے کے لیے ایک مخصوص روڈ میپ ہونا چاہیے۔ایک اور سیاسی تجزیہ کار برنا صالحی نے کہا کہ انہیں سیاسی شخصیات کو یقین دلانے کی کوشش کرنی چاہیے۔افغانستان کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی تھامس ویسٹ نے حال ہی میں خطے اور پڑوسی ممالک کے دورے کا آغاز کیا جہاں وہ اب تک کئی افغان سیاست دانوں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کر چکے ہیں۔بعض اطلاعات کی بنیاد پر مسٹر ویسٹ گزشتہ پیر کو تاجکستان پہنچے، جہاں ان کی قومی مزاحمتی محاذ کے رہنما احمد مسعود سے ملاقات متوقع ہے۔
واضح ہو کہ گذشتہ روز مہاجرین اور وطن واپسی کے قائم مقام وزیر خلیل رحمان حقانی نے بیرون ملک مقیم افغان سیاست دانوں سے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کے لیے ایک میز پر جمع ہونے کی استدعا کی۔ آزاد انتظامی اصلاحات اور سول سروسز کمیشن اور دیگر وزارتوں کے درمیان یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کے لیے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حقانی نے کہا کہ وہ افغان ہیں اور ہمارے بھائی ہیں۔ وہ آئیں اور افغانوں کے ساتھ متحد ہوجائیں اور پھر ہم ایک میز پر بیٹھ سکتے ہیں۔انہوں نے عالمی برادری سے انسانی امداد جاری رکھنے اور افغان مالیاتی اثاثے بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ پناہ گزینوں اور وطن واپسی کے قائم مقام وزیر نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں کابل اور ملک بھر میں ضرورت مند لوگوں کو انسانی امداد فراہم کی گئی ہے۔ اسی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، اعلیٰ تعلیم کے قائم مقام وزیر عبدالباقی حقانی نے کہا کہ طلبا کو اعلیٰ تعلیم کے لیے قرض حسنہ اور وظیفہ دینے سمیت ان کے تمام حقوق کا احترام کیا جا رہا ہے۔ اسی روشنی میں حقانی نے ماہرین تعلیم سے ملک واپس آنے کی درخواست کی ۔
