Sourav Ganguly in home-quarantine as brother Snehasish tests positive for Coronavirusتصویر سوشل میڈیا

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر و سابق ہندوستانی کرکٹ کپتان سوربھ گنگولی کو ان کے بھائی اور کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال کے سکریٹری سنہشیش گنگولی کے کورونا وائرس پوزیٹیو پائے جانے کے بعدخانہ قرنطینہ کر دیا گیا۔

سنہشیش کو کورونا وائرس پوزیٹیو قرار دینے سے ایک ماہ قبل ان کی اہلیہ اور ان کے سسرال کے لوگوں میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ سنہشیش کا بدھ کے روز کولکاتا میں ایک نجی پیتھالوجی لیبارٹری میں ٹسٹ کیا گیا تھا جہاں ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی۔

اس کا علم ہونے کے بعد حکام نے سوربھ گنگولی سمیت ان کے پورے خاندان کو کوویڈ 19 سے متاثر ہونے کے شبہ میں احتیاطی تدابیر کے طور پر آئی سولیشن میں کر دیا گیا ہے۔سنہشیش کو ان کی مومن پورہ رہائش گاہ میں متعدد افراد کے وائرس سے متاثر ہوجانے کے بعد بہالا میں واقع کنبہ کے آبائی مکان میں، جہاں سوربھ گنگولی رہائش پذیر ہیں، منتقل کر دیا گیا ۔

کرکٹ ایسوسی ایشن بنگال کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سنہشیش کوگذشتہ کچھ روز سے بخار تھا اور آج جب ان کا ٹسٹ ہوا تو ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی۔انہیں بیلی ویو اسپتال میں داخل کر دیا گیاتھا۔

بی سی سی آئی صدر کے ایک قریبی ذریعہ نے بتایا کہ سنہشیش کی رپورٹ دیر شام آئی جس کے بعد حفظان صحت کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سوربھ گنگولی کو بھی رہائش گاہ پر ہی ایک مقررہ میعاد تک گوشہ نشین ہونا پڑا ۔

انگریزی روزنامہ انڈین ایکسپریس نے دعویٰ کیا ہے کہ گنگولی نے 8جولائی کو اپنی سالگرہ منائی تھی جس میں خاندان کے تمام افراد نے شرکت کی تھی۔اب سمجھا جاتا ہے کہ گنگولی کو دس روز گوشہ تنہائی میں گذارنا ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *