ویلنگٹن: ٹم ساؤدی اور ٹرینٹ بولٹ کی تباہ کن بولنگ کی مدد سے نیوزی لینڈ نے اسٹار بلے بازوں سے آراستہ ہندوستان کو10وکٹ سے شکست دے کر دو ٹسٹ میچوں کی سریز میں 1-0کی سبقت حاصل کر لی۔اس جیت سے نیوزی لینڈ نے یہ بات یقینی کر لی کہ وہ سریز ہارے گا نہیں ۔آئی سی سی ٹسٹ چمپین شپ میں ہندوستان کی یہ پہلی ہار ہے۔
ہندوستان نے میچ کے تیسرے روز 183رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگزشروع کی تھی لیکن کھیل کا وقت ختم ہونے تک وہ4وکٹ پر محض144رنز ہی بنا سکاتھا۔ چوتھے روز جب اس نے تیسرے روز کی ناتمام اننگزشروع کی تو اسے نیوزی لینڈ کو دوبارہ بیٹنگ کرنے پر مجبور کرنے اور اننگز کی ہار سے بچنے کے لیے مزید 42رنز کی ضرورت تھی اور کریز پر اجنکیا رہانے اور ہنوما وہاری سے، جن کے درمیان تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک پانچویں وکٹ کے لیے45رنز کی پارٹنر شپ ہو چکی تھی،
ہندوستانی کرکٹ شیدائیوں کو زبردست امیدیں وابستہ تھیں کہ یہ جوڑی ٹیم کے بھلے ہی شکست سے نہ بچا سکے لیکن آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں0-3سے وائٹ واش ہونے سے تلملائے نیوزی لینڈ کو آسانی سے جیتنے بھی نہیں دے گی۔
لیکن ابھی ان دونوں کی پارٹنر شپ ہاف سنچری میں تبدیل بھی نہیں ہوئی تھی اور صرف تین رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ لگاتار گیندوں پر رہانے اور وہاری ساؤدی کا شکار ہو گئے اور ہندوستان شکست سے کچھ اور نزدیک ہو گیا۔اس کے بعد تو وقفہ وقفہ سے وکٹ گرتے رہے اور ابھی ہندوستان کو دوسری اننگز میں9رنز کی ہی برتری حاصل ہو سکی تھی کہ آخری کھلاڑی جسپریت بومرا بھی ساؤدی کا شکار ہو گئے۔
ساؤدی کی یہ پانچویں اور میچ کی نویں وکٹ تھی۔ جس کے باعث انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ہندوستان کی جانب سے افتتاحی بلے باز ماینک اگروال نمایاں رہے انہوں نے 99گیندوں پر58رنز بنائے اور سات چوکے اورا یک چھکا لگایا۔
رہانے نے75گیندوں پر5چوکوں کی مدد سے 29،رشبھ پنت نے 41گیندوںپر 4چوکوں کے ساتھ25،کپتان وراٹ کوہلی نے43گیندوں پر 3چوکوں کی مدد سے19،وہاری نے 79گیندوں پر دو چوکے لگا کر15،پرتھوی شاہ نے 30بالوں پر دو چوکوں کے ساتھ 14اور ایشانت شرما نے 21گیندوں پر 2چوکوں کی مدد سے12رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ساو¿دی کے بعد دوسرے تباہ کن بولنگ کرنے والے ٹرینٹ بولٹ نے4وکٹ لیے۔