تہران : ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقری قالیباف نے نہایت سخت لہجے میں کہا کہ دشمن اس قابل نہیں ہے کہ وہ تخریب کاری اور جاسوسی کی کارروائیوں کے ذریعے ایران کو دفاعی پیش رفت سے روک سکے۔ منگل کے روز پارلیمنٹ کے ایک کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قالیباف نے ایران کے دفاعی محکمے کے عملے کی ملک کو مضبوط بنانے اور اس کی قوت مدافعت کو بڑھانے اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں اس کے کردار کی تعریف کی۔
قالیباف نے کہاکہ آج ہمارے نوجوانوں کے علم کی بنیاد پر، ہمارے ملک میں جدید ترین دفاعی ساز و سامان اور ہتھیار تیار اور مسلح افواج کو فراہم کیے جاتے ہیں۔ ایرنا کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ آج ایرانی قوم کے دشمنوں نے جان لیا ہے کہ وہ پابندیوں، دہشت گردی، صنعتی تخریب کاری، دفاعی صنعت کے بنیادی ڈھانچے پر براہ راست حملے اور جاسوسی کے ذریعے ملک کی دفاعی صنعت کی بڑھتی ہوئی ترقی کو نہیں روک سکتے۔
دفاعی صنعت میں کام کرنے والے نوجوانوں کی مضبوط قوت ارادی اور ایمان ان اقدامات سے نہ صرف کمزور نہیں ہو گا بلکہ روز بروز مضبوط ہوتا جائے گا۔حالیہ برسوں میں ایران نے جدید ترین دفاعی سازوسامان تیار کرنے میں بڑی پیش رفت کی ہے۔ ایرانی عہدیداروں کے مطابق ایشیا، افریقہ، یورپ اور جنوبی امریکہ کے کم از کم 30 ممالک اسلامی جمہوریہ سے بغیر پائلٹ والی فضائی گاڑیاںخریدنے کے خواہاں ہیں۔ مختلف مغربی ذرائع ابلاغ بھی خبردار کرتے رہے ہیں کہ ایرانی ڈرون دنیا کے مغربی نصف کرہ ارض تک پہنچ کر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے خطرہ بن گئے ہیں۔