ٹوکیو:(اے یو ایس )ٹوکیو اولمپکس کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ کرونا وبا کے سبب رواں سال ہونے والے اولمپکس میں غیر ملکی شائقین کو آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔منتظم کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو توشیرو موتو کا ہفتے کو صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ غیر ملکی شائقین کی جانب سے خریدے گئے چھ لاکھ ٹکٹوں کو واپس لے لیا جائے گا اور واپسی کے بعدان تین لاکھ ٹکٹوں کی رقوم بھی واپس کر دی جائیں گی۔البتہ انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس مد میں کتنی رقم شائقین کو واپس کی جائے گی۔اولمپک گیمز کو گزشتہ سال کرونا وبا کے سبب ملتوی کیا گیا تھا۔ جس کا انعقاد رواں سال 23 جولائی سے8 اگست تک کیا جائے گا جب کہ پیرا اولمپک کے مقابلے 24 اگست سے پانچ ستمبر کے درمیان کھیلے جائیں گے۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی)، مقامی منتظمین، جاپان کی حکومت، ٹوکیو میٹرو پولیٹن گورنمنٹ اور انٹرنیشنل پیرا اولمپک کا جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہنا ہے کہ بین الاقوامی شائقین سے متعلق اس فیصلے کا مقصد کھلاڑیوں اور مقامی آبادی کی صحت کا تحفظ ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جن افراد نے ہوٹلز کی ایڈوانس بکنگ کروا رکھی ہے ری فنڈ میں یہ رقم شامل نہیں کی جائے گی۔ منتظمین گیمز میں حصہ لینے والے اراکین کی تعداد میں کمی پر بھی غور کر رہے ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس بیچ کا کہنا تھا کہ انہیں شائقین اور کھلاڑیوں کے اہلِ خانہ کی مایوسی کا ادراک ہے جو اولمپکس مقابلے دیکھنے ٹوکیو آنا چاہتے ہیں۔
جاپان میں رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق عوام کی اکثریت وبا کی تیسری لہر کے پیشِ نظر غیر ملکی شائقین کے ملک میں داخلے کے حوالے سے فکر مند تھی۔خیال رہے کہ جاپان میں کرونا وبا سے آٹھ ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ گو کہ اس وبا سے نمٹنے میں جاپان کی حکمت عملی کئی ملکوں سے بہتر رہی ہے۔ تاہم پھر بھی اولمپکس میں غیر ملکی شائقین کی آمد کے حوالے سے وسیع پیمانے پر خدشات پائے جاتے تھے۔کرونا وبا کی وجہ سے گزشتہ ایک سال کے دوران کرکٹ، فٹ بال اور دیگر کھیلوں سمیت کئی عالمی مقابلے منسوخ یا ملتوی کیے جا چکے ہیں۔ تاہم اب احتیاطی تدابیر کے ساتھ محدود شائقین کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں بتدریج بحال کی جا رہی ہیں۔