ریاض: (اے یوایس )سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک شاہ عبداللہ دوم اور ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ دوم کی قیادت میں اردن کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اردن کا استحکام اور خوش حالی خطے کے استحکام اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔
وزارت خارجہ سے العربیہ چینل کو دیئے گئے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم کی لا محدود حمایت کا یقین دلایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور اردن کے مفادات مشترک ہیں اور دونوں برادر ممالک مل کر آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اردن کی ہاشمی مملکت کی حمایت سعودی عرب کی مستقل پالیسی کا حصہ ہے۔
اردن کے سیاسی، سیکیورٹی، اقصادی مسائل اور تمام بحرانوں کے حل میں سعودی عرب عمان کے ساتھ کھڑا ہے۔ واضح ہو کہ ہفتہ کے روز سعودی عرب کے شاہی دیوان نے بھی اردن کی حمایت کرتے ہوئے اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم کے ملک کی سلامتی کےلیے اٹھائے اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔
