چنئی: تمل ناڈو کے وزیراعلی ایم کے اسٹالن نے صدر رام ناتھ کووند کو خط لکھا ہے۔ اس میں انہوں نے صدر سے اپیل کی کہ وہ ریاستی حکومت کی سفارش کو قبول کریں اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل میں ملوث ساتوں مجرموں کی تاحیات سزا معاف کرنے کے لئے مناسب حکم پاس کریں اور ان کی فوری رہائی کی ہدایت دیں۔
اپنے خط میں اسٹالن نے کہا ہے کہ تمل ناڈو کی بیشتر سیاسی جماعتیں تمام سات مجرموں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔ تمل ناڈو کی عوام کی بھی یہی خواہش ہے۔ سات افراد نے بہت سی مشکلات کا سامنا کیا ہے اور پچھلے تین دہائیوں میں انہوں نے بڑی قیمت ادا کی ہے۔ کورونا وبا کے وقت عدالت قیدیوں کا ہجوم کم کرنے کے معاملے کو بھی قبول کررہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس لئے ا ا?پ سے گزارش ہے کہ فوری رہائی کے لئے حکم جاری کریں۔