نئی دہلی: سپریم کورٹ نے آئی این ایکس میڈیا منی لانڈرنگ کیس میں گرفتارکر کے جیل بھیج دیے جانے والے سابق وزیر خزانہ و راراجیہ سبھا کے رکن پی چدمبر م کو دو لاکھ روپے کے ضمانتی بونڈ اور اتنی ہی رقم کے دو ذاتی مچلکوں پر ضمانت پر رہا کر دیا۔
لیکن اس کے ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے انہیں یہ ہدایت بھی کی کہ وہ اس کی اجازت کے بغیر ملک چھوڑ کر نہیں جا سکتے۔عدالت عظمیٰ نے74سالہ چدمبرم سے یہ بھی کہا کہ وہ ثبوتوں سے کوئی چھیڑ چھاڑکریں گے اور نہ ہی گواہوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کریں گے۔
ان سے یہ بھی کہا گیا کہ جب بھی تفتیش کے لیے انہیں طلب کیا جائے گاتو وہ دستیاب رہیں گے۔علاوہ ازیں مسٹر چدمبر کو یہ بھی کہہ دیا گیا ہے کہ کیس کے حوالے سے وہ کوئی بیان جاری نہیں کریں گے۔مسٹر چدمبرم نے106دن تہاڑ جیل میں گذارے۔
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے مسٹر چدمبرم کی رہائی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی 106روز کی قید میں انتقامی جذبہ کارفرما تھا۔تاہم انہیں خوشی ہے کہ سپریم کورٹ نے انہیں ضمانت پر چھوڑ دیا۔
مجھے پورا یقین اور اعتماد ہے کہ صاف ستھرا مقدمہ چلائے جانے کی صورت میں وہ خود کو بے قصور ثابت کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
ان کے بیٹے کارتک چدمبرم ے کہا کہ ان کے والد جیل سے رہائی پا چکے ہیں اور کل جمعرات کو صبح11بجے پارلیمنٹ پہنچیں گے۔