تہران : اسلامی انقلاب کے روحانی رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن کے خلاف تمام ایرانیوں کو متحد ہوجانا چاہئے اور اس سمت میں اتحاد و ہم آہنگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
رہبر اعظم نے اپنے ان خیالات کا اظہار ایران کی نئی مجلس کے نمائندوں سے اپنے ویڈیو خطاب میں کیا اور کہا کہ پارلیمنٹ امید کی ایک علامت ہے جو عوام کی امنگوں کو پورا کرتی ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے نشاندہی کی کہ تمام مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے اور پارلیمنٹ کو خلوص کے ساتھ کام کرکے ،کسی کو غیر اہم سمجھنے سے بچتے ہوئے معاملات کو ترجیحی بنیاد پر مسائل حل کرنے کے عمل پر موثر طور سے اثر انداز ہونا چاہئے۔
رہبر اعظم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پارلیمنٹ میں قانون سازوں کی چار سالہ میعاد کو ملک میں عملی اقدامات کرنے کے لیے بنیاد تیار کرنے کا مناسب موقع سمجھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے قوت مدافعت کے باعث ملک مشکلات پر قابو پانے کا اہل ہے جیسا کہ دشمنوں کو اعتراف ہے کہ ایران پر سخت پابندیاں عائد کیے جانے کے باوجود وہ اپنے ایران مخالف مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
ملک میں کوویڈ19-کی وجہ سے ملک کی موجودہ صورت حال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے علامہ خامنہ ای نے طبی مشوروں اور صحتی اصولوں پر کاربند رہنے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ اس وبا کے دور میں ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ ہم فوری طور پر اس متعدی مرض سے نجات پاسکیں اور ملک میں امن و سکون قائم ہو سکے۔
