تہران: ایران کے رہبر اعلیٰ سید علی خامنہ ای نے ایرانی پاسداران انقلاب فورس کی القدس بریگیڈ کے سربراہ میجرجنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پران کے لواحقین سے اظہار تعزیت و ہمدردی کیا اورعہد کیا کہ اس سفاکانہ کارروائی کے مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا اورف ایسا بھیانک انتقام لیا جائے گا جس کا کسی نے تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔
عظیم کمانڈر کی شہادت پرجمعہ کی صبح جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں رہبر اعلیٰ نے اس پر زور دیا کہ ایک بھیانک اور خوفناک انتقامی کارروائی اس سفاکانہ کارروائی کے مرتکبین کی منتظر ہے۔انہوں نے اپنے اس بیان میں قومی سطح پر تین روز کے سوگ کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے دشمن جان لیں کہ ہم مزاحمتی فرنٹ پر نہ صرف ثابت قدم رہیں گے بلکہ ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے کامیابی کے حصول کے لئے ہمارا عزم متاثر نہیں ہوگا۔
دریں اثنا ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جمعہ کے روز ٹویٹر کے توسظ سے جنرل سلیمانی کی شہادت پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ امریکہ اپنی احمقانہ اور غیرقانونی مہم جوئی کے نتائج کا خودذمہ دار ہوگا.۔