اسٹاک ہوم: (اے یو ایس ) متوقع طور پر فن لینڈ اور سویڈن اسی ماہ کے اواخر میں ناٹو کی رکنیت کے حصول کے لیے باضابطہ درخواست دیں گے۔
دونوں ممالک کا کہنا ہے کہ روس کی یوکرین کے خلاف فوجی کارروائی نے یورپ کی سیکیورٹی کی صورت حال بدل دی ہے اور کریملن کے جوہری خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ہے کہ مشترکہ دفاع میں شامل ہوا جائے اور وہ صرف ناٹو میں شمولیت سے ہی فراہم ہوسکتا ہے۔اس ماہ کے اوائل میں سیکیورٹی کی ایک کلیدی رپورٹ شائع ہونے کے بعد، فن لینڈ کے قانون ساز وں نے اتحاد میں شمولیت کے معاملے پر بحث ومباحثہ شروع کر دیا ہے۔ اس معاملے پر آئندہ دنوں کے دوران فیصلہ متوقع ہے۔
فن لینڈ کے وزیر برائے یورپی امور، ٹتھی ٹاپورینن نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ بات واضح ہے کہ جب سے روس نے یوکرین میں لڑائی کا آغاز کیا ہے، ہر چیز تبدیل ہوچکی ہے۔بقول ان کے، ہمیں اب اپنے قومی مفاد کے مطابق، خود اپنے فیصلے کرنے ہوں گے۔ جو چیز فن لینڈ کے شہریوں اور ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے وہ یہ کہ ہم مغرب کا حصہ ہیں۔ اور اب آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ناٹوکی رکنیت کا معاملہ مغرب کے ساتھ یکجہتی کے فیصلے کا تقاضا کرتا ہے۔
