Syrian FM says Israel 'playing with fire' after overnight strikesتصویر سوشل میڈیا

دمشق:(اے یو ایس ) شام کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ”اسرائیل آگ سے کھیل رہا ہے“۔انھوں نے یہ بیان گذشتہ شب دمشق کے نواح میں اور حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اسرائیلی فوج کے حملوں کے ردعمل میں جاری کیا ہے۔سرکاری خبررساں ادارے سانا کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں صرف مادی نقصان ہوا ہے اور شام کے فضائی دفاع نے دارالحکومت دمشق کے اردگرد متعدد اسرائیلی میزائل مارگرائے ہیں۔اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری طور پران حملوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

شامی وزیرخارجہ فیصل المقداد نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل علاقائی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ وہ آگ سے کھیل رہا ہے اورخطے میں عسکری اور سلامتی کی صورت حال دھماکاخیز بنا رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ شام باربار اسرائیلی حملوں پر خاموش نہیں رہے گا اور اسرائیلیوں کوجلد یا بدیر اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔

اسرائیل نے حالیہ برسوں میں شام میں متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔ان میں بنیادی طور پر ایران کے اتحادی جنگجوؤں، ان کے مبیّنہ ہتھیاروں کے قافلے یا اسلحہ کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔شام نے جون میں دمشق میں اپنے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی حملے کااسرائیل کو ذمے دار قرار دیا تھا۔فضائی بمباری کے نتیجے میں ہوائی اڈے پر کئی ہفتے تک پروازوں کی آمد ورفت کی سرگرمیاں معطل رہی تھیں۔اسرائیلی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ دمشق کے اس سویلین ہوائی اڈے کو ایران نے ہتھیاروں اور ملیشیا کی نقل و حمل کے لیے باقاعدگی سے استعمال کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *