کابل: (اے یوایس) طالبان کی حکومت نے بین الاقوامی فضائی کمپنیوں سے افغانستان کے لیے پروازیں بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔خبر کے مطابق، افغانستان میں طالبان حکومت کے امور خارجہ کے ترجمان عبدالقھار بلخی نے بین الاقوامی فضائی کمپنیوں سے پروازیں بحال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے وعدہ کیا کہ وہ ان سے مکمل تعاون کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ کابل ہوائی اڈے پر موجود تمام مسائل حل کر دیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ 15 اگست کو سابق صدر اشرف غنی کی حکومت کے خاتمے کے بعد طالبان نے افغانستان پر باقاعدہ حکومت سازی کا اعلان کیا تھا تاہم وہ اپنی حکومت کو عالمی سطح پر تسلیم کرانے کے لیے کئی اقدامات کر رہے ہیں۔
کابل ہوائی اڈے پر غیر ملکی فوجیوں اور شہریوں کے انخلا کا عمل مکمل ہونے کے بعد امداد اور مسافروں کو لے کر پروازوں کی محدود تعداد بحال ہے۔یاد رہے کہ غیر ملکی فوجیوں اور شہریوں کے انخلا کے دوران کابل ہوائی اڈے پر خود کش حملہ بھی ہوا تھا جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے کو نقصان بھی پہنچا تھا لیکن قطر اور ترکی کی معاون ٹیموں کی مدد سے اسے کھول دیا گیا تھا۔