کابل،( اے یو ایس ) افغانستان میں کئی مشہور ٹی وی اور ریڈیو چینل چلانے والے ایک میڈیا گروپ نے اعلان کیا ہے کہ طالبان حکام نے انھیں ٹیلی ویڑن پر ڈرامہ سیریز نشر کرنے سے روکنے کی ہدایت کی ہے۔طلوع ٹی وی اور لمر ٹی وی کے مالک موبی گروپ نے جمعرات کو کہا کہ یہ حکم طالبان کی خفیہ ایجنسی سے موصول ہوا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ یہ حکم طالبان کی وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے جاری کیا ہے۔
گروپ نے کہا کہ وہ حکم کی تعمیل کررہے ہیں اور جمعرات کی رات سےشروع ہونے والی غیر ملکی ڈرامہ سریز کی نشریات عارضی طور پر بندکررہے ہیں۔بہت سے افغان گھرانے یہ ٹی وی سریز دیکھتے ہیں ، جو زیادہ تر تر کی اور ہندوستانی ہوتی ہیں۔ ان کی مقبولیت کی وجہ سے ملک میں پریشان حال نجی میڈیا سیکٹر کو مالی طور پر کچھ سہارا ملاہے۔
موبی گروپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں جو بعد میں مٹادی گئی، تجویز پیش کی ہے کہ غیر ملکی ڈرامہ سریز کی نشریات پرپابندی سمیت تمام دیگر امور پر وزارت اطلاعات وثقافت اور میڈیا تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیشن میں بہتر طریقے سے بات چیت کی جائے اور حکومتی اصولوں کے مطابق حتمی فیصلے کا اعلان وزارت اطلاعات او رثقافت کی طرف سے سرکاری طور پر کیا جائے۔اس کے علاوہ طلوع نیوز کے ایک سابق رپورٹر نے کہا ہے کہ ڈرامہ سریز پر پابندی کی خبر آنے کے بعد طالبان حکام نے طلوع نیوز کے تین ملازمین کو حراست میں بھی لیا جن میں چینل کے ڈائریکٹر خپلاو ک صافی بھی شامل ہیں۔
تصویر سوشل میڈیا